وزیراعلیٰ پنجاب کاسیا لکوٹ اور پسرور کے سرحدی علاقوں کا دورہ ،شہداء کے لواحقین کو چیک دئیے،سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کی، بھارت ننگی جارحیت بند کرے،18کروڑ عوام اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج جارحیت کا جواب دیں گے،شہبازشریف ، بھارتی وزیراعظم اور انکی قیادت ہوش کے ناخن لے،خطے میں بد امنی نہیں چاہتے،اقوام متحدہ کو موثر کردار ادا کرناچاہیے، بھارت کوبھی اپنا طرز عمل میں تبدیلی لانا ہوگی، پرامن اور معصوم شہریوں پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے ، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،18 کروڑ عوام اور مسلح افواج وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں،وزیراعلیٰ کاچارواہ سیکٹر میں عوامی اجتماع سے خطاب

جمعہ 10 اکتوبر 2014 09:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج سیالکوٹ اور پسرور کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور بھارتی فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین میں مالی امداد کے چیک تقسیم کئے اور اس سے پیشر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دورہ کیا اور زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چارواہ سیکٹر کے سرحدی علاقوں کے دورے کے موقع پر عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نہتے، پرامن اور معصوم شہریوں پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے-بھارت کی جارحیت کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے جس کے لئے اقوام متحدہ کوفوری نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردارادا کرناچاہیے اور بھارت کو بھی اپنے طرز عمل میں تبدیلی لانا ہوگی - انہوں نے کہاکہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور وہ ہر قسم کی جارحیت کاجواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے - بھارت کی جانب سے پاکستان کے شہریوں پر فائرنگ جیسی اشتعال انگیزی نا قابل برداشت ہے- مادروطن کے لئے جان دینے والے نوجوانوں ،ماؤں اور بزرگوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا-وزیراعلیٰ نے کہاکہ بھارت فوری طو رپر ننگی جارحیت بند کرے- 18کروڑ پاکستانی عوام اور مسلح افواج وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں-

بھارتی وزیراعظم اور ان کی قیادت ہوش کے ناخن لے -انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ اس خطے میں بد امنی پید ا ہو- جو کچھ ہورہاہے اس کی ذمہ داری بھارت پر ہے اور امن کو نقصا ن پہنچانے کا ذمہ داربھی بھارت ہوگا- انہوں نے کہا کہ پوری قوم بھارتی بربریت کی مذمت کرتی ہے- 18کروڑ عوام پاکستان کی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں-بھارت کو نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان محمد نوازشریف کی قیادت میں 28مئی 1998 میں ایٹمی طاقت بن چکاہے -18کروڑ عوام اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی جارحیت کا جواب دیں گے - انہوں نے کہاکہ میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے-عوام جہاں مشکل میں ہوں گے، وہاں ہر صورت پہنچوں گا- وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چارواہ سیکٹرمیں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین کو مالی ا مداد کے چیک دئیے-قبل ازیں وزیراعلیٰ نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی - وزیراعلیٰ فرداً فرداً ہر زخمی ہونے والے شہری کے پاس گئے، انکی خیریت دریافت کی اور انہیں پھول پیش کئے،دلاسہ دیااور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی -وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والے افرادکو مالی اعانت کے چیک بھی دئیے-انہوں نے کہاکہ پرامن اور معصوم شہریوں پر فائرنگ بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے ۔