کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے بارے بلاول بھٹو کے بیان کا دکھ ، ہندوستانی ہیکرز نے پی پی پی کی ویب سائٹ کو ہیک کرلیا

جمعرات 9 اکتوبر 2014 09:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کے بیان پر ہندوستانی ہیکرز نے پی پی پی کی ویب سائٹ کو ہی ہیک کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

ہندوستان کے بلیک ڈریگن نامی ہیکرز نے پیپلزپارٹی کی ویب سائٹ ہیک کرکے اس پر یہ پیغام پوسٹ کیا کہ 'پاکستان کے عوام، پاک فوج، پیپلز پارٹی اور خاص طور پر بلاول بھٹو زرداری بغیر کسی تشدد کے ہم بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کبھی بھی کشمیر کو حاصل نہیں کرسکتا، یہی حقیقت ہے جسے تسلیم کرلینا چاہئے'۔

ہیکرز نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'بلاول آپ کشمیر چاہتے ہیں؟ لیں گے لیں گے پورا کشمیر؟ پہلے پاکستان سنبھالنے کے لائق تو ہوجاؤ آپ'۔ہیکرز نے ویب سائٹ پر کئی تصاویر بھی لگائی ہیں جس میں پاکستانی سیاستدانوں کا مختلف جملوں سے مذاق اڑایا گیا ہے۔