آصف علی زرداری اور نوازشریف کا اکٹھا ہونا قوم پر ظلم ہے،شیخ رشید،جاوید ہاشمی کی مخالفت کرنے نہیں تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کرنے آیا ہوں، ہاشمی لولا لنگڑا ہوگیا ہے اس کی قربانی نہیں اب جھٹکا ہوگا، سربراہ عوامی مسلم لیگ کی گفتگو

جمعرات 9 اکتوبر 2014 09:47

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور نوازشریف کا اکٹھا ہونا اور اتحاد اس قوم پر ظلم ہے،قوم ان سے نجات چاہتی ہے،یہ بات انہوں نے اسلام آباد سے ملتان پہنچنے کے بعد ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں الیکشن میں جاوید ہاشمی کی مخالفت کرنے نہیں بلکہ تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کرنے آیا ہوں مگر میں بڑے افسوس کے ساتھ کہتا ہوں کہ جنگ میں چھوڑ کر بھاگنے والا بھگوڑا ہوتا ہے،جاویدہاشمی کو داغی شاہ محمود نے کہا ہے کہ میں نے نہیں۔

جاوید ہاشمی کو اب الیکشن سے دستبردار ہوجانا چاہئے۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ جاوید ہاشمی اب اس پائے کے سیاستدان نہیں ہیں کہ میں ان سے مناظرہ کروں یا تبصرہ کروں،میں عمران خان کے جلسے میں آیا ہوں اس میں شرکت کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھ سے جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے میری زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں شیخ ہوں،ملتان میں ہی رہتا تھا،ہمیں باپ بدلنے کی ضرو رت نہیں،اگر میں بٹ ہوتا تو بٹ لکھتا:انہوں نے پھر کہا کہ داغی جو ہے وہ شاہ محمود نے کہا میں نے نہیں اور جاوید ہاشمی لولا لنگڑا ہوگیا ہے اس کی قربانی نہیں اب جھٹکا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے آج تک ایک آدمی بھی میرٹ پر بھرتی نہیں کیا،انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر10آدمی شہید ہوچکے ہیں اور بھارت سے احتجاج کے بجائے خاموشی ہے،ہم کب تک یہ برداشت کرتے رہیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ نواز شریف نے وزارت خارجہ میں سیاسی ہجڑے بھرتی کئے ہوئے ہیں اور پاکستانی سرزمین پر بھارتی حملے ہیں یہ سازش ہیں،بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملہ حکومت اور نوازشریف کیلئے ریسکیو آپریشن ہے،عقل مندوں کیلئے اشارہ ہی کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کا صرف ایک ہی نعرہ ہے کہ استعفی دو اور گو نواز گو۔

انہوں نے کہا کہ میری اپنی پارٹی ہے اس وقت عمران خان کو چھوڑ کر نہیں جاسکتا،یہ سیاسی غداری ہے،جاوید ہاشمی اپنے آبائی حلقے مخدوم رشید سے تو کبھی جیتے نہیں ہیں یہاں ملتان میں کیا جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے نوازشریف کو دو مرتبہ ہرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں چھوٹی سیاست کرتا ہوں اور میں اپنے آپ کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ میں جاوید ہاشمی سے مناظرہ کروں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے حکومت ہل چکی ہے،آخری جھٹکے لے رہی ہے،ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ نوازشریف استعفیٰ دے،قوم ان سے نجات چاہتی ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول ٹو ان ون ہے،اس میں فنی خرابی ہے،بلاول کے بارے میں برٹش اخبارات میں جو لکھا جارہا ہے وہ ہی پاکستانی میڈیا بھی لکھے اور دکھائے۔