ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے پاک بحریہ کے سر براہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں،تبدیلی کمانڈ کی پر وقار تقریب پی این ایس ظفر نیول کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی

جمعرات 9 اکتوبر 2014 09:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء)ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے پاک بحریہ کے سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ پاکستان نیوی کی تبدیلی کمانڈ کی پر وقار تقریب پی این ایس ظفر نیول کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے پاک بحریہ کے 20 ویں سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ پاکستان نیوی کی کمانڈ سنبھالنے پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بحری سرحدوں کے دفاع او ر میری ٹائم اثاثوں کے تحفظ کے لئے پاکستان نیوی آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ ترین معیاربرقرار رکھے گی۔

نیول چیف نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی ماحول کی پیچیدگی میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو چیلنجز سے بھر پور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی سیکیورٹی معاشی سیکیورٹی سے مشروط ہے جو بنیادی طور پر میری ٹائم سکیورٹی پرمنحصر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم میں سے ہر ایک کو اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار حاصل کرنا ہو گا ، لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا اور تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے عزم و استقلال کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بڑھا نا اور آپریشنل تیاریوں کو برقراررکھنا میری اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ملٹری سازوسامان سے لیس نیوی کا مطلب ایک کامل اور مئوثر نیوی نہیں ہے۔ روایتاً، انسانی قوت کا اعلیٰ معیار ہمیشہ عروج اور بڑھوتی کا عنصر رہا ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ ہمارے آفیسرز، جوانوں اور خواتین میں اہلیت، بلند عزم ، متاثر کن جذبہ اور مستقبل مزاجی موجودہے ۔

انہوں نے تمام آفیسرز اور جوانوں پرزور دیا کہ قومی ذمہ داریوں کی فخریہ انداز میں انجام دہی کے لئے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید نکھاریں اوراخلاقی معیارکو بلند کریں۔ نیول چیف نے اس حقیقت پر زور دیا کہ علاقائی ماحول اور موجودہ سکیورٹی حالات سب سے غیر معمولی استعداد اور سنجیدہ کوششوں کے متقاضی ہیں اور پاکستان نیوی حکومت کی پالیسیوں کی روشنی میں قومی اور علاقائی سطح پر اپنے مئوثر کردار کی ادائیگی کو جاری رکھے گی۔

میں تمام اہم ، آپریشنل اور انٹر سروسزمعاملات کے سلسلے میں پاک آرمی اور ایئر فورس کے ساتھ متواتر باہمی رابطے اور تعاون کے حصول کا خواہش مند ہوں۔ ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے پاکستان نیوی کو 21ویں صدی کی جدید نیول فورس میں ڈھالنے کے لئے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمرل محمد آصف سندیلہ ایک ممتاز نیول چیف رہے جنہوں نے عظیم مہارتوں، جذبے اور لگن سے اپنی خدمات سر انجام دیں اور پاکستان نیوی کی کمانڈ کی اور گذشتہ تین سالوں کے دوران حکومت کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاک بحریہ نے خود انحصاری، پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے، موجودہ صلاحیتوں کو بڑھانے اور افرادی و استعدادی کمی پر قابو پانے میں قابلِ ذکر ترقی کی اوربیشتر شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان نیوی کی ترقی کی منصوبہ بندی کا مقصد حربی حکمتِ عملی کے مختلف تصورات کے عملی مظاہرہ کے لئے ایک متوازن اور مئوثر فورس کی تیاری تھا تاکہ بدلتے ہوئے خطراتی ماحول اور جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کی رفتار سے ہم قدم رہا جا سکے۔ قبل ازیں آمدپر سبکدوش ہونے والے اور نئے تعینات ہونے والے پاک بحریہ کے سربراہان کو سلامی پیش کی گئی۔ اس کے بعد ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ کو روایتی سکرول پیش کر کے باقاعدہ طور پر پاکستان نیوی کی کمانڈ ان کے حوالے کی۔

متعلقہ عنوان :