بھارتی فائرنگ پر پاکستان تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے: سرتاج عزیز، خارجہ سیکرٹری مذاکرات ملتوی کرکے بھارت نے امن کوششوں کو نقصان پہنچایا۔ اْمید ہے بھارت امن کو ایک موقع اور دے گا، بیا ن

جمعرات 9 اکتوبر 2014 09:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے شہریوں کی ہلاکت پر پاکستان تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا مگر بھارت کی جانب سے خاطر خواہ جواب نہیں ملا۔ عید کے روز بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4 شہری شہید ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ خارجہ سیکرٹری مذاکرات ملتوی کرکے بھارت نے امن کوششوں کو نقصان پہنچایا۔ انھوں نے اْمید ظاہر کی بھارت امن کو ایک موقع اور دے گا۔سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی فوج پچھلے 7 روز سے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ اور گولہ باری کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے عید الاضحیٰ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پہلے روز 4 جب کہ دوسرے روز ایک بے گناہ پاکستانی شہری کو شہید کیا لیکن اس کے باوجود پاکستان انتہائی صبرو تحمل اور ذمہ داری سے کام لے رہا ہے۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے بھارتی فوج کی جانب سے سیالکوٹ میں چارواہ، بجوات، چپراڑ اور دیگر سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے بھارتی حکومت کی جانب سے اپنے فوجیوں کو نہ روکنے پر سفارتی سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی پر عمل کرے اور خطے میں امن و امان کو بحال کرنے میں مدد کرے۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ کئی بار ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے اور سیکٹر کمانڈروں کے درمیان ملاقاتوں جیسے چینلز کو استعمال کرنے پر زور دیا لیکن بد قسمتی سے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر امن کی بحالی کے لئے ہماری ان کوششوں کے جواب میں بھارت کی طرف سے کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو بھی امن و امان یقینی بنانے کیلئے جنگ بندی کی نگرانی میں اپنا ضروری کردار ادا کرنا چاہیے۔