اپوزیشن کے سیاسی جرگہ کی وزیراعظم سے ملاقات کا قوی امکان ،نوازشریف عیدالاضحی کے دنوں میں سابق صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات کرینگے

پیر 6 اکتوبر 2014 07:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء) اپوزیشن کے سیاسی جرگہ کا وزیراعظم سے ملاقات کا قوی امکان، نوازشریف عیدالاضحی کے دنوں میں سابق صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات کرینگے ، باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ اپوزیشن جرگہ جو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں حکومت ، تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کررہاہے معاملے کو نمٹانے کیلئے وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات کرے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں اپوزیشن کی جانب سے حکومت و احتجاجی جماعتوں کو لکھے گئے خط اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائیگا اور حکومت پر زور دیا جائیگا کہ وہ اس معاملے پر لچک اور بڑے پن کا مظاہرہ کرے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ سابق صدر آصف علی زرداری جوکہ عیدالاضحی پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں گزاریں گے اور اگلے چند دن بھی لاہور ہی قیام کرینگے کی وزیراعظم میاں نوازشریف سے اہم ملاقات متوقع ہے ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کومزید بتایاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف سابق صدر کو اپنے ہاں مدعو بھی کرینگے۔