وطن عزیز کو دہشتگردی ، انتہا پسندی ، کرپشن جیسے مسائل درپیش ہیں، سدباب کیلئے ہمیں ایثار و قربانی اخوت و بھائی چارے ہمدردی رواداری اور پیار و محبت کے پرچار کی اشد ضرورت ہے، صدر ووزیر اعظم،ذاتی ، گروہی ، لسانی ، مسلکی اور ایسے دیگر تعصبات سے بالاتر ہوکر ایثار و قربانی کی مشعل تھامے اپنے ملک وقوم اور ملت اسلامیہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی، بھلائی اور بہتری کیلئے سرگرم عمل رہنا چاہیے،صدر ممنون حسین،آپریشن ضرب عضب کی خاطر بے گھر ہوجانے والے افراد کی طرف سے دی جانے والی بے شمار قربانیوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں، سیلابوں سے بڑے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ، آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیں ان کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے،وزیراعظم نواز شریف،عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کے نام الگ الگ پیغاما ت

پیر 6 اکتوبر 2014 07:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء) صدر ووزیر اعظم پاکستان نے عید الاضحی کے مبارک اور پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وطن عزیز کو دہشتگردی ، انتہا پسندی ، کرپشن اور دیگر مسائل جس طرح درپیش ہیں ان کے سدباب کیلئے ہمیں ایثار و قربانی اخوت و بھائی چارے ہمدردی رواداری اور پیار و محبت کے پرچار کی اشد ضرورت ہے، ذاتی ، گروہی ، لسانی ، مسلکی اور ایسے دیگر تعصبات سے بالاتر ہوکر ایثار و قربانی کی مشعل تھامے اپنے ملک وقوم اور ملت اسلامیہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی ، بھلائی اور بہتری کیلئے سرگرم عمل رہنا چاہیے کیونکہ یہی اسلامی تعلیمات کا نچوڑ ہے اور نبی رحمت عالم حضرت محمد کے اسوہ حسنہ کی حقیقی معنوں میں پیروی ہے ، پاکستانی عوام شدت پسندی کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی خاطر بے گھر ہوجانے والے افراد کی طرف سے دی جانے والی بے شمار قربانیوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں، سیلابوں سے بڑے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ، آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیں ان کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی بھی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے،ان خیالا کا اظہارانہوں عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کے نام اپنے اپنے الگ الگ پیغاما ت میں کیا ۔

(جاری ہے)

عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ میں عید الاضحی کے مبارک اور پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ تمام اہل وطن کو اپنی حفاظت میں رکھے اور دنیاوی و آخروی تمام نعمتوں سے سرفراز فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم الشان قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے جب انہوں نے حکم خداوندی کے سامنے تر تسلیم خم کرتے ہوئے اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ اسلام کو اللہ کی راہ میں قربانی کیلئے پیش کردیا تھا یہ عمل بارگاہ رب العزت میں اتنا مقبول قرار پایا کہ اس کی یاد کو تازہ کرنا سنت ابراہیمی قرار پایا آج کا دن عبادت و اطاعت خداوندی عزم و ایثار اور اعلیٰ کردار کی اس یاد کو تازہ کرتا ہے جو رہتی دنیا تک رشد و ہدیت کا نمونہ رہے گی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایثار و قربانی جیسے عظیم جذبے کی ضرورت تو ہمیشہ سے رہی ہے لیکن موجودہ دور میں اس کی اہمیت و افادیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے سنت ابراہیمی اور دین حق کی تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف ہمیں ایثار و قربانی جیسی اعلیٰ اقدار کے فروغ کیلئے کوشاں رہنا چاہیے بلکہ اپنی زندگیوں میں بھی اس کی عملی مثال قائم کرنی چاہیے ۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ذاتی ، گروہی ، لسانی ، مسلکی اور ایسے دیگر تعصبات سے بالاتر ہوکر ایثار و قربانی کی مشعل تھامے اپنے ملک وقوم اور ملت اسلامیہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی نسلم آدم کی بھلائی اور بہتری کیلئے سرگرم عمل رہنا چاہیے کیونکہ یہی اسلامی تعلیمات کا نچوڑ ہے اور نبی رحمت عالم حضرت محمد کے اسوہ حسنہ کی حقیقی معنوں میں پیروی ہے ۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ آج وطن عزیز کو دہشتگردی ، انتہا پسندی ، کرپشن اور دیگر مسائل جس طرح درپیش ہیں ان کے سدباب کیلئے ہمیں ایثار و قربانی اخوت و بھائی چارے ہمدردی رواداری اور پیار و محبت کے پرچار کی اشد ضرورت ہے بے شک یہی سیدھی راہ اور وقت کی آواز ہے بحیثیت سچے پاکستانی آج کے دن ہمیں ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے جو دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں یا پھر حالیہ سیلابوں کی وجہ سے بے گھر ہوئے ہیں ہمیں ان کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی بھی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ان خاندانوں خصوصاً ماؤں بہنوں اور بچوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جن کے افراد نے وطن عزیز اور ہمارے روشن مستقبل کی خاطر جام شہادت نوش کرتے ہوئے ایثار و قربانی کی اعلیٰ روایات کو جلا بخشی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیاں نصیب فرمائے اور ہمیں قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ دوسری جانب وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق غیر مشروط اطاعت وہ اعلیٰ ترین جذبہ ہے جو کہ اپنی نوعیت میں عالمگیر اور تناظر میں پائیدار ہے انسان کو اپنے خالق حقیقی سے عقیدت کے عزیز ترین جذبہ کو ظاہر کرنے کے موقع سے نوازا جانا بالکل منفرد ہے وزیراعظم نے کہا کہ مسلم امہ کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ایک پھر اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی اطاعت کے اس عزم کے اعادہ کا موقع مل رہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری اور اطاعت میں ثابت قدم رہے گی اس سے انہیں اپنے یقین کو مزیدپختہ کرنے کا موقع ملے گا جس میں انسانی بقاء کے لیے ایک برتر مقصد کی خاطر قربانی پر زور دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیلاب کی ان تباہ کاریوں سے گزرے اور گزر رہے ہیں جن کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی ان سیلابوں سے بڑے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے بعد متاثرین کیلئے ہمدردی اور قربانی کے جذبہ میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں تمام پاکستانیوں کو یقین دلانا چاہتا ہو ں کہ آپ کے عزم و حوصلے کا تقاضا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم آپ کو زیادہ سے زیادہ مدد کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں تیز کردیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی بہادر مسلح افواج کی جانب سے انتہائی قابل تحسین آپریشن ضرب عضب کے ذریعے پرتشدد شدت پسندی کے مذموم عفریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اس موقع پر ہماری مسلح افواج کی طرف سے دکھائے گئے غیر متزلزل عزم سے ان قربانیوں کا بھی پتہ چلتا ہے جو وہ ہماری آزادی خوشحالی اور عزت و وقار کے لیے دے رہی ہیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام شدت پسندی کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی خاطر بے گھر ہوجانے والے افراد کی طرف سے دی جانے والی بے شمار قربانیوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں ان کو درپیش مشکلات کم کرکے بہتری لانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی دوبارہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سال عیدالاضحی کا جذبہ ان پریشان عناصر کو واضح طور پر یاد دہانی کرتا ہے جو جمہوری قوتوں کو دی گئی قومی رضا مندی کی بالادستی سے پوری طرح واقف نہیں ہیں اور وہ تحمل اور برداشت کے جذبہ کے بالکل برخلاف نفرت کے بیج بورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری منتخب نمائندوں نے دانشمندی ، انصاف اور شرافت کا مظاہرہ کیا ہے جو اس بات کا متقاضی ہے کہ مزاحمت کرنے والے بھی ان تمام عوامل کی پاسداری کریں میں عید الاضحی کے اس پرمرست موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ قومی ترقی کے مقاصد کو باآور بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائینگی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں اس اعتماد کا اظہار کرنے پر یوری قوم کا شکرگزار ہوں جو اس نے پاکستان کو خوشحال بنانے کے قومی ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لیے مجھ پر کیا ہے تاکہ پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلایا جاسکے ۔