قوم کو عید الاضحی مبارک ،ڈی چوک پر 8بجے نماز پڑھاؤں گا، دھرنے کے شرکاء میں تحائف تقسیم ہوں گے: طاہر القادری

پیر 6 اکتوبر 2014 07:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر لقادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اعلان کے مطابق سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم فراہم نہیں کی، اپنے پسندیدہ علاقوں میں تو امداد تقسیم کی گئی ہے مگر اکثر علاقوں میں لوگوں کو عید کی خوشیوں سے محروم کر دیا گیا ہے تاہم عوامی تحریک سیلاب متاثرین کو نہیں بھولی اور ہزاروں کی تعداد میں قربانی کے جانور بھیج دئیے گئے ہیں۔

ڈی چوک میں جاری دھرنے سے خطاب میں ان کہنا تھا کہ عوام کے لئے شاہراہ دستور پر عید منانا انوکھی بات ہو گی تاہم یہاں کل تحریک انصاف کے کارکنوں کے ساتھ مل کر عید منائیں گے اور میں عید کی نماز کی امامت کراؤں گاجبکہ نماز آٹھ بجے ادا کی جائے گی، بعض پولیس والوں نے عید کی نماز میں شمولیت کی اجازت مانگی ہے جس پر ان کو کہا ہے کہ وہ نماز ادا کر سکتے ہیں مگر ہمیں کارکنوں پر گولیاں چلانے والوں کے چہرے ابھی تک بھی یاد ہیں ان کو معاف نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بار ہم نے قربانی کے جانور تین حصوں میں تقسیم کر دئے ہیں اور سیلاب زدگان کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں قربانی کے جانور بھجوائے ہیں، آئی ڈی پیز اور دھرنے میں شامل لوگوں کے لئے باقی دو حصے مختص کئے گئے ہیں، دھرنے میں شامل لوگوں کے لئے قربانیوں کا انتظام راولپنڈی میں کیا گیا ہے تاہم ڈی چوک میں بھی کچھ جانوروں کی قربانی کی جائے گی اور ڈی چوک میں بار بی کیو ، قیمہ اور کلیجی بھی بنائے جائیں گے۔

طاہر القادری نے اعلان کیا کہ دھرنے کے شرکاء میں عید کے موقع پر خصوصی تحائف بھی تقسیم کئے جائیں گے، بچوں میں کپڑے جبکہ عورتوں اور لڑکیوں کے لئے مہندی اور چوڑیوں کی تقسیم کا انتظام کیا جا رہا ہے، تمام افراد میں جوتے بھی تقسیم تاہم اگر ان کو جوتے کا سائز پورا نہ آئے تو شکایت نہ کریں۔جلسہ گاہ میں تین اونٹ پہنچنے پر ان کہنا تھا کہ میں نے زندگی میں کبھی بھی اونٹ کا گوشت نہیں کھایا مگر کل جی بھر کر اونٹ گوشت کھائیں گے بلکہ میرا تو دل کر رہا ہے کہ اونٹ کی سواری بھی کروں۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ کل جلسہ گاہ میں بینڈ باجا بھی لے کر آئیں تاکہ عید کی خوشیاں دوبالا ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :