عمران خان بھٹو سے بڑے لیڈر نہیں ، آج گو نواز گو کل گو عمران گو کے نعرے لگیں گے،جاوید ہاشمی ، پی ٹی آئی میں کوئی غریب نہیں ،پارٹی میں سب سے کم اثاثے میرے تھے ،میں نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ ملک و قوم جمہوریت اور پارلیمنٹ کے مفاد میں دیا ہے، امید ہے ملتان کے عوام میری زندگی کے اہم موڑ پر میرا ساتھ دیں گے،پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 5 اکتوبر 2014 10:13

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اکتوبر۔2014ء) سینیئر سیاست دان اور پی ٹی آئی کے سابق صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان بھٹو سے بڑے لیڈر نہیں ہیں آج گو نواز گو کل گو عمران گو کے نعرے لگیں گے یہ بات انہوں نے ہفتہ کی شام اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں انہوں نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی سے استعفیٰ ملک و قوم جمہوریت اور پارلیمنٹ کے مفاد میں دیا ہے اور اب عوام کی عدالت میں کھڑا ہوں۔

ملتان کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے مجھے امید ہے ملتان کے عوام میری زندگی کے اہم موڑ پر میرا ساتھ دیں گے اور مجھے منتخب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی کمپین کے سلسلے میں ملتان شہر میں جہاں بھی جاتا ہوں لوگ میرا بھرپور استقبال کرتے ہیں میرا ماتھا مومتے ہیں مجھے پیار کرتے ہیں مجھے دعائیں دیتے ہیں ملتان کے عوام نہ مجھ سے مایوس ہیں نہ میں ملتان سے مایوس ہوں انشاء الله سولہ اکتوبر کو ملتان کو ملک قوم ‘ جمہوریت اور ملتان کے مفاد میں فیصلہ دیں گے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی غریب نہیں ہے اور پی ٹی آئی میں سب سے کم اثاثے میرے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ مجھے سوال جواب کریں اور میری ذمہ داری ہے کہ میں عوام کو جواب دوں اور مطمئن کروں انہوں نے کہا کہ میڈیا میری آنکھ کان اور آواز ہیں اور میڈیا کے ذریعے میں تمام دنیا سے باتیں کرتا ہوں تاہم میڈیا والوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی ایکلوسو خبر کے سلسلے میں بھاگ دوڑ کریں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود اب ایم این اے نہیں رہے عوام کو سب پتہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد لوگ گو عمران گو کے نعرے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تحریک انصاف کور کمیٹی میں سب امیر شامل ہیں عمران خان غریبوں کی بھی کور کمیٹی بنائیں ۔