انقلاب دھرنا سے شرکاء کی واپسی کا سلسلہ جاری ، درجنوں خاندان آبائی علاقوں کو روانہ، کچھ انقلابی بیٹھے رہنے پر بضد، فیصل آباد کے لوگوں کوخصوصی طور پرجلسہ کی تیاریوں کیلئے پہلے اجازت دیدی گئی ہے، ترجمان غلام علی

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 10:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اکتوبر۔2014ء) انقلاب دھرنا سے جمعہ کے روز بھی شرکاء کی واپسی کا سلسلہ جاری رہا، درجنوں خاندان عیدالاضحی کیلئے آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے،کچھ انقلابی دھرنا جاری رکھنے پر بضد، ترجمان غلام علی نے کہاہے کہ فیصل آباد کے لوگوں کوخصوصی طور پرجلسہ کی تیاریوں کیلئے پہلے اجازت دیدی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز بھی انقلاب کے دھرنا کے شرکاء کا اپنی فیملیوں کے ہمراہ گھروں کو واپسی کا سلسلہ جاری رہا اور درجنوں خاندان شاہراہ دستور سے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہوگئے جبکہ اکثریت نے رخت سفر باندھ لیاہے اور واپسی کا اشارہ ملنے کے منتظر ہیں، ذرائع کے مطابق چند انقلابیوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کو یہاں سے نہ اٹھنے کا پیغام بھی بھجوایاہے اور کہاہے کہ وہ انقلاب کی خاطر آئے تھے اس لئے یہاں سے نہیں جائینگے لیکن اکثریت واپس جانے کیلئے تیار ہے۔

اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ نے پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے ترجمان غلام علی خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہاکہ زیادہ تر جانیوالوں کا تعلق فیصل آباد سے ہے کیونکہ عیدالاضحی کے بعد فیصل آباد میں بڑا جلسہ کرنا ہے اور اس کی تیاریوں کے سلسلے میں فیصل آباد کے لوگوں کو خصوصی طور پر اجازت دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :