سعودی عرب، 20لاکھ سے زائد افراد نے فریضہ حج ادا کیا‘ آج مصروف ترین دن گزاریں گے،حجاج کرام آج شیطان کو کنکریاں مارنے اور جانور قربان کرنے کے بعد احرام کھول دیں گے

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 09:57

میدان عرفات (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اکتوبر۔2014ء) دنیا کے مختلف ملکوں سے آنے وا لے 13لاکھ 86ہزار905افراد اور سعودی عرب کے مقامی باشندوں اور غیر ملکی کارکنوں سمیت 20 لاکھ سے زائد حجاج کرام نے گزشتہ روز میدان عرفات میں وقوف کر کے حج کا سب سے بڑا رکن ادا کیا اور ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں-مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبد العزیز بن عبد اللہ آل الشیخ نے ایک لاکھ24 ہزار مربع میٹر پر محیط مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیا اور دونوں نمازوں کی امامت کروائی -وہ مسلسل 34سال سے حج کا خطبہ دے رہے ہیں- مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ شہزادہ مشال بن عبد اللہ بن عبدا لعزیز نے بھی اس موقع پر حج کی سعادت حاصل کی -بعد ازاں حجاج کرام جبل رحمت پر بھی گئے اور گڑا گڑا کر اپنے گناہوں کی معافی ‘ مغفرت اور پوری انسانیت کے لئے رب کی رحمت طلب کرتے رہے-غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے نکل کر مزدلفہ آگئے جہاں انہو ں نے مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی ادا کیں اور سنت نبوی کی پیروی میں رات کھلے آسمان تلے بسر کی - مناسک حج کی ادائیگی کے تیسرے روز حجاج کرا م آج (4اکتوبر بروزہفتہ بمطابق10ذوالحجہ)مصروف ترین دن گزاریں گے-نماز فجر کے بعد مزدلفہ سے واپس منٰی پہنچ کر اپنے خیموں میں سامان رکھنے کے بعد بڑے شیطان کو سات کنکریاں ماریں گے ‘ شکرانہ حج کے طور پر جانور ذبح کریں گے اور پھر سر کے بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے-بعد ازاں وہ سادہ کپڑوں میں ملبوس ہو کر حج کے ایک اور لازمی رکن طواف افاضہ کے لئے مکہ جائیں گے ‘کعبہ کے گرد سات چکر لگائیں گے اور مقام ابراہیم پر دو نوافل ادا کرنے کے بعدحضرت حاجرہ علیہ السلام کی سنت تازہ کرنے کے لئے صفا مروہ کی سعی کریں گے- حجاج کرام آج رات واپس منٰی آکر بسر کریں گے -ادھرلاکھوں حجاج کرام آج( 4اکتوبر ہفتہ 10ذوالحجہ ) بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے اور جانور قربان کرنے کے بعد احرام کھول دیں گے -حج کے موقع پر لاکھوں حجاج کو جانور ذبح کرنے کی سہولت مہیا کرنے اور ان جانوروں کا گوشت استعمال میں لانے کے لئے سعودی حکومت نے اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے اجتماعی قربانیوں کا انتظام کیا ہے - حاجیوں کو جانور خود ذبح نہیں کرنے پڑتے بلکہ ان کی طرف سے قربانی کر کے انہیں قربانی کے وقت سے آگا ہ کر دیا جاتا ہے تا کہ وہ احرام کھول سکیں - قربانی کا یقین کے بغیر احرام کھولنا اور بال کٹوانا بھی درست نہیں-سعودی عرب میں قربانی کے کوپن فروخت کرنے کا مجاز ادارہ صرف اسلامی ترقیاتی بینک ہے جو مکہ مکرمہ میں بینک الراجعیکے ذریعے کوپن فروخت کرتا ہے- اس کوپن کی قیمت450ریال ہے - بینک والے حاجی کی طرف سے کی جانے والی قربانی کے وقت کے بارے میں بتا دیتے ہیں جس کے کچھ دیر بعد احرام کھولا جا سکتا ہے -حج کے دوران ذبح کئے جانے والے لاکھوں جانوروں کا گوشت استعمال میں لانے کے لئے سعودی عرب میں قربانی کے گوشت سے استفادے کا پراجیکٹ 1403ھجری میں شروع کیا گیا تھا - جس کے تحت قربانی کا گوشت افغان مہاجرین کو ارسال کیا جاتا تھا اور اب یہ دنیا کے مختلف ملکوں میں ضرورت مند مسلمانو ں کو بھیجا جاتا ہے -

متعلقہ عنوان :