ڈنڈے کے بجائے پارلیمنٹ کے ذریعے تبدیلی لانے کااعلان خوش آئندہے ،سعدرفیق،طاہرالقادری نے باالآخرجمہوریت اورآئین کے سامنے ہتھیارڈال دیئے ہیں ،عمران خان بھی اسمبلی میں اپناکرداراداکریں اوراپنے صوبے کے عوام کی خدمت کریں ،سیاسی نظام مستحکم تھاچائے کی پیالی میں طوفان کی کوشش ناکام ہوگئی ،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 3 اکتوبر 2014 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اکتوبر۔2014ء)وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہاہے کہ ڈنڈے کے بجائے پارلیمنٹ کے ذریعے تبدیلی لانے کااعلان خوش آئندہے ،طاہرالقادری نے باالآخرجمہوریت اورآئین کے سامنے ہتھیارڈال دیئے ہیں ،عمران خان بھی اسمبلی میں اپناکرداراداکریں اوراپنے صوبے کے عوام کی خدمت کریں ،سیاسی نظام مستحکم تھاچائے کی پیالی میں طوفان کی کوشش ناکام ہوگئی ۔

نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ سعدرفیق نے کہاکہ قادری ایسے اعلانات کرتے رہتے ہیں انہوں نے پہلے بھی انتخابات لڑے اوران کے خیالات اورنظریات میں تبدیلی اچھی بات ہے ۔انہوں نے کہاکہ طاہرالقادری بالآخرمان گئے ہیں کہ تبدیلی ڈنڈے سے نہیں ووٹ اورجمہوریت کے ذریعے ہی آئے گی ،وہ پہلے بتادیتے کہ مشہوری کی مہم چلارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ طاہرالقادری جہاں چاہیں جلسے کریں انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کااعلان کرکے پارلیمانی جدوجہدمیں حصہ لینے کااعلان کیاہے ،یہ پارلیمنٹ اورجمہوریت کی فتح ہے ،عمران خان بھی دھرنوں کے بجائے اپنے صوبے پرتوجہ دیں ۔

انہوں نے پنجاب اورقومی اسمبلی سے استعفوں کی بات کی لیکن خیبرپختونخواہ سے استعفے نہیں دیئے ،انہیں صوبے میں جاکرلوگوں کی خدمت اورقومی اسمبلی میں کرداراداکرناچاہئے ،خواجہ سعدرفیق نے کہاکہ طاہرالقادری نے آئین ،جمہوریت اورپارلیمنٹ کے آگے ہتھیارڈال دیئے یہ درست راستہ ہے وہ جلسے کریں اوران کے پاس اگرتبدیلی کاایجنڈاموجودہے توان کے ساتھ بھی کام کرنے کے لئے تیارہیں ،وہ انتخابات کے ذریعے اسمبلی میں آکرچیزیں سستی کرنے کاوعدہ پوراکریں ۔

انہوں نے کہاکہ طاہرالقادری قانون کے استادہیں وہ آئین اورقانون جانتے ہیں انہوں نے دنیادیکھی ہے ان کاکہناتھاکہ سیاسی نظام پہلے ہی مستحکم تھاچائے کی پیالی میں جوطوفان لانے کی کوشش کی گئی تھی وہ ناکام ہوچکی ہے ،عوامی تحریک کوسیاسی جماعت بنانے کااعلان جمہوریت کی فتح ہے ۔