بلدیاتی انتخابات میں خریدے گئے کاغذ کے حوالے سے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں، اظہرشمیم ،کاغذ معیار وقواعد وضوابط کے مطابق ہیں،کاغذ خریدنے سے پہلے پرنٹنگ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر اور وزارت خزانہ سے منظوری لی گئی ،ایم ڈی پرنٹنگ کارپوریشن

جمعہ 3 اکتوبر 2014 08:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اکتوبر۔2014ء)منیجنگ ڈائریکٹر پرنٹنگ کارپوریشن اظہرشمیم نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں خریدے گئے کاغذ کے حوالے سے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں،کاغذ معیار وقواعد وضوابط کے مطابق ہیں،کاغذ خریدنے سے پہلے پرنٹنگ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر اور وزارت خزانہ سے منظوری لی گئی۔جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات رسم پل سے خریدا گیا،یہ کمپنی بلیک لسٹ نہیں حالانکہ الیکشن کمیشن کے قواعد نمبر43کے مطابق بولی کے بغیر کاغذ خرید سکتے تھے لیکن اس کے باوجود ہم نے بولی دے کر کاغذ خریدا۔

انہوں نے کہا کہ کاغذ کی منظوری باقاعدہ لی گئی اور ہمارے پاس سٹاف کی شدید کمی ہے اور پرچیز کمپنی کے قواعد وضوابط کے مطابق کاغذ خریدا ہے اور الزامات لگانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بیلٹ پیپر کیلئے مختلف پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپر چھاپے گئے اور یہ کاغذ مختلف ملوں سے لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان پوسٹ فاؤنڈیشن اور سیکورٹی پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپر چھپوائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ کارپوریشن پریس کی مشینری کوتبدیل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ چالیس سالہ پرانی مشینری ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور اردو بازار سے معلم پرنٹر سے92افراد کاؤنٹر فائل پر نمبر لگانے کیلئے منگوائے گئے اور راولپنڈی سے 80افراد منگوائے گئے۔انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپر کی چھپوائی کیلئے وقت بہت کم ہوتا ہے اور وقت میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔