2013کے انتخابات گزشتہ دس انتخابات سے بہتر تھے:پلڈاٹ ، اس بات کے کوئی شواہد نہیں کہ نتائج تبدیل کرنے کیلئے کوئی منظم دھاندلی کی گئی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر بلال محبوب کا انٹرویو

جمعرات 2 اکتوبر 2014 09:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء ) پلڈاٹ نے انتخابات 2013کو گزشتہ 10انتخابات میں سب سے زیادہ شفا ف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ انتخابی نتائج تبدیل کر نے کے لیے کوئی منظم دھاندلی کی گئی ہو ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پلڈٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد بلال محبوب نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ملکی اورغیرملکی مبصرین کے مطابق 2013ء کے عام انتخابات ملک میں کرائے گئے گزشتہ دس عام انتخابات سے بہتر تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ممکن ہے کہ بعض حلقوں میں کچھ بے قاعدگی یا بے ضابطگی ہوئی ہو تاہم اس بات کے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ گزشتہ سال کے عام انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کیلئے کوئی منظم دھاندلی کی گئی ،احمد بلال نے کہاکہ پلڈاٹ آئی آر آئی اور بعض دیگر مستند اداروں کی طرف سے انتخابات سے قبل کئے گئے سروے میں تحریک انصاف کو خیبرپختونخوا میں اکثریت ملنے مسلم لیگ نون کی پنجاب میں فتح ، دیہی سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی اور سندھ کے شہری علاقوں میں ایم کیوایم کو زیادہ نشستیں ملنے کی پیشن گوئی کی گئی تھی انہوں نے کہاکہ انتخابات کے نتائج کم وبیش وہی آئے جن کی انتخابات سے قبل سروے میں پیشن گوئی کی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :