آرمی چیف کا آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار، آپریشن کے دوران حاصل کی جانے والی کامیابیاں قابل تحسین ہیں ، جنرل راحیل شریف

جمعرات 2 اکتوبر 2014 09:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت پرمکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران حاصل کی جانے والی کامیابیاں قابل تحسین ہیں وہ بدھ کو یہاں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں 175 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کررہے تھے جس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل سٹاف افسران نے شرکت کی۔

اعلیٰ فوجی قیادت نے پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی غور کیا اور انہیں ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کا جائزہ لیتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے آپریشن میں اب تک کی پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور کامیابیوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام شریک افسران نے جاری آپریشن کے دوران افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں نئے کور کمانڈرز نے بھی شرکت کی جن میں کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل ہلال حسین ‘ نئے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ‘ نئے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الله خان‘ کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود شامل تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں سبکدوش ہونے والے افسران کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ نئے کور کمانڈرز کا خیر مقدم کیا گیا ۔ قبل ازیں آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے نئے افسران کو رینک بھی لگائے۔