یورپی یونین نے پاکستان کی لیدر کی صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور مقابلہ کے قابل بنانے کیلئے خصوصی پروگرام شروع کر دیا،یورپی یونین پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے بھی کوشاں ہے،برنارڈ فرانکوئس

بدھ 1 اکتوبر 2014 08:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اکتوبر۔2014ء) یورپی یونین نے پاکستان کی لیدر کی صنعت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور مقابلہ کے قابل بنانے کیلئے خصوصی پروگرام شروع کر دیا ہے اور یورپی یونین کے معاون وفد کے پاکستان میں سربراہ برنارڈ فرانکوئس نے کہا ہے کہ پاکستان میں یورپی یونین کے تعاون سے لیدر کے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں یورپی یونین پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے بھی کوشاں ہے۔

گزشتہ روز پٹکو کے تعاون سے مقامی ہوٹل میں لیدر کے کاروبار میں وسعت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انڈسٹری کے فروغ کیلئے یورپی یونین مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور تمام یورپی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیدر سمیت دیگر انڈسٹریز کو پروموٹ کرنے کیلئے یورپی یونین پاکستان کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہا ہے اس موقع پروزارت تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری اظہر علی چوہدری نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور توقع کرتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری فروغ پائے گی۔

انہوں نے بیرون ملک میں مقیم تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے آگے آئیں تاکہ پاکستان کو اقتصادی اور معاشی لحاظ سے مستحکم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :