وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی ،پٹرول 2روپے 94پیسے کمی کیساتھ103.62 فی لٹر میں دستیاب ہوگا،اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا

بدھ 1 اکتوبر 2014 07:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اکتوبر۔2014ء ) وزیراعظم نوازشریف نے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات میں 2.8 فیصد تک کمی کی منظوری دے دی ہے جس پربدھ سے عملدرآمد ہوگا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیرخزانہ اسحق ڈار نے منگل کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں نئی قیمتوں کو حتمی شکل دی گئی جس کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سڑسٹھ پیسے سے دوروپے چورانوے پیسے تک کی کمی کی گئی ہے۔

پیٹرول دو روپے چورانوے پیسے فی لیٹر کی کمی کے ساتھ ایک سو چھ روپے چھپن پیسے کے بجائے ایک سو تین روپے باسٹھ پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔ہائی اوکٹین کی قیمت میں ایک روپے اٹھاسی پیسے فی لیٹر ، مٹی کا تیل ایک روپے اکتیس پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل پچانوے پیسے اور لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں سڑ سٹھ پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ادھراوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا،اوگرا کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم کی قیمت2.94 روپے کمی کے بعد103.62 روپے فی لٹر ہائی اوکٹین1.88روپے کمی کے بعد131.13 ہائی سپیڈ ڈیزل95 پیسے کمی کے بعد107.39 روپے لائٹ ڈیزل67 پیسے کمی کے بعد 91.41 اور مٹی کا تیل1.31روپے کمی کے بعد95.68 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے،نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔