کشمیری قیادت کا نواز شریف کے جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران کشمیر پر ٹھوس موقف اختیار کرنے کا خیرمقدم،نواز شریف نے کشمیری عوام کی صحیح ترجمانی کی ہے‘ کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں‘ بھارت منفی طرز عمل ترک کرکے پاکستان کے اقدامات کا مثبت جواب دے‘ کشمیر کو بھارت سے الگ کر ناہی واحد حل ہے‘ خطے میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے مشروط ہے ،کشمیری راہنماؤں کا وزیراعظم نواز شریف کے جنرل اسمبلی سے خطاب پر ردعمل

اتوار 28 ستمبر 2014 09:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28ستمبر۔2014ء) کشمیری قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر ایک فریق کی حیثیت سے اپنا ٹھوس موقف پیش کرکے کشمیری عوام کی صحیح ترجمانی کی ہے‘ وزیراعظم نواز شریف کے کشمیر پر دو ٹوک موقف سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ان کی تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (گیلانی گروپ) کے سربراہ سید علی گیلانی نے نواز شریف کے جنرل اسمبلی سے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کے مسئلے کو اس کے تاریخی پس منظر میں پیش کیا ہے جس سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک نازک مرحلے پر جب کشمیری عوام بھارتی ظالمانہ کارروائیوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کررہے ہیں‘ پاکستان کے وزیراعظم نے کشمیر پر ٹھوس موقف اختیار کرکے کشمیری عوام کی ترجمانی کرکے ان کے زخموں پر مرہم رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے مشروط ہے اور مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر اس کا حل ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی ہٹ دھرمی ترک کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا چاہئے اور اس مسئلے کے حل سے خطے میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہونے کیساتھ ساتھ پاک بھارت تعلقات بھی بہتر ہون گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس (میر واعظ گروپ) کے چیئرمین عمر فاروق نے بھی نواز شریف کے جنرل اسمبلی میں خطاب کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دو ٹوک موقف اپنانے سے بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل پر دباؤ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی طرح موقف اپناتے ہوئے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا کرے جو اس نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام سے کیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر راہنماء اور جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے بھی وزیراعظم نواز شریف کے جنرل اسمبلی سے خطاب کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان نے کشمیر پر اپنا جاندار موقف اختیار کرکے کشمیری عوام کے دل جیت لئے اور انہیں ایک نیا حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے تاہم بھارت کا منفی رویہ اس میں بنیادی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو اب موقع کا فائدہ اٹھا کر پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہئے اور بامقصد مذاکرات شروع کئے جائیں جس میں کشمیری قیادت کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کیا جاسکے۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا ایک ہی حل ہے کہ اسے بھارت سے الگ کردیا جائے۔

مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھایا جائے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آر ایس ایس کی حمایت حاصل ہے۔ سیلاب نے کشمیر میں قیامت برپا کردی ہے لیکن بھارت کشمیر میں آنے والے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر کوئی خاص توجہ نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھایا جائے۔ بھارت مسئلہ کشمیرر کو حل کرنے پر تیار نہیں لہٰذا کشمیر کو بھارت سے الگ کردیا جائے۔ دیگر کشمیری راہنماؤں شبیر احمد شاہ‘ ظفر اکبر بٹ‘ پروفیسر عبدالغنی اور دیگر نے بھی وزیراعطم نواز شریف کے خطاب کو سراہتے ہوئے اسے کشمیری عوام کی امید کی کرن قرار دیا ہے۔