پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون بڑھانے کیلئے سنجیدہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی،پاکستان کو بھی امن وسلامتی کیلئے آگے بڑھنا ہوگا،متنازعہ معا ملات اقوام متحدہ میں اٹھانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے،خطے میں دہشتگردی کے خطرات منڈلا رہے ہیں،آج بھی کئی ممالک دہشتگردوں کو پناہ دے رہے ہیں، جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب

اتوار 28 ستمبر 2014 09:24

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28ستمبر۔2014ء)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون بڑھانے کیلئے سنجیدہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں،پاکستان کو بھی امن وسلامتی کیلئے آگے بڑھنا ہوگا،متنازعہ معاملات اقوام متحدہ میں اٹھانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے،خطے میں دہشتگردی کے خطرات منڈلا رہے ہیں،آج بھی کئی ممالک دہشتگردوں کو پناہ دے رہے ہیں۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے بھائی چارہ بڑھانا چاہتے ہیں،پاکستان کو پرامن سازگار ماحول پیدا کرنے کی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی،پہلے دن سے پاکستان کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوشش کی،پرامن ماحول میں مذاکرات کے خواہش مند ہیں،کسی بھی ملک کی قیمت ہمسایوں سے جڑی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بھارت عالمی برادری کے ساتھ ہے،عالمی برادری کو ایک خاندان کے روپ میں دیکھتے ہیں،بھارت جانتا ہے کہ عالمی برادری کو ڈیڑھ ارب کی آبادی سے کیا توقعات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اب70 سال کا ہوگیا ہے تو سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا،جی حضور سے بڑھ کر اب جی آل کی طرف بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی ترقی وخوشحالی کے لئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا،خطے کے عوام دہشتگردی سے عدم استحکام کا شکار ہورہے ہیں،دنیا بڑے تنازعات اور مسائل کا سامنا کر رہی ہے،دنیا بھر میں دہشتگردی کی نئی قسمیں ظاہر ہورہی ہیں،عالمی دہشتگردی کو ختم کرنا ہوگا،غربت اور بیروزگاری سے نمٹنے کیلئے ہر ملک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا،جدید ٹیکنالوجی نے ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں کوئی ایک ملک عالمی برادری کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا،امن مشن میں شامل ممالک کو فیصلہ سازی میں شریک ہونا چاہئے۔