عمران خان کے دھرنے میں اسرائیلی روپے خرچ کئے جارہے ہیں،شرجیل میمن،ہمیں نیا پاکستان نہیں بلکہ قائد اعظم، آئین کے موجد ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو والا پاکستان چاہیے، عمران خان سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے حوالے سے اپنی زبان کا لگام دیں ورنہ عوام کو بھی اس کا جواب دینا آتا ہے، بیان

جمعہ 26 ستمبر 2014 08:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26ستمبر۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کے دھرنوں میں اسرائیلی روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور اس کا مقصد ملک میں جمہوریت کا خاتمہ کرنا ہے۔ ہمیں کوئی نیا پاکستان نہیں بلکہ قائد اعظم، آئین کے موجد ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ شہید بے نظیر بھٹو والا پاکستان چاہیے ۔

آمروں کو ریفرنڈم میں ووٹ دینے اور سڑکوں پر ناچ گانے والوں کا پاکستان ہم نہیں چاہتے۔ سیاست میں مخالفت ضرور ہوتی ہے لیکن دشمنیاں نہیں ہوتی۔ عمران خان پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے حوالے سے اپنی زبان کا لگام دیں ورنہ عوام کو بھی اس کا جواب دینا آتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو سندھ اسمبلی میں بیان دے رہے تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گذشتہ روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسہ اور جوش خطابت میں جس طرح کی بدتمیزی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا تمسخر اڑایا ہے اس کی نہ صرف بھرپور مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست میں بدتمیزی کا طوفان کھڑا کئے ہوئے ہیں اور اب عوام ان کی اس طرح کی بدتمیزیوں کو مزید برداشت نہیں کرے گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کے دورہ پنجاب میں سیکورٹی پر ساڑھے سات سو سے زائد پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان ثابت کردیں کہ اتنی بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تھے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اس ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے رہنماء ہیں اور ان کے دورے کے موقع پر کارکنان اور پارٹی رہنما ان کے ساتھ تھے اور وہ سب اپنی ذاتی گاڑیوں میں تھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان اس ملک میں سیاست میں جس طرح کی بازاری زبان کو فروغ دینے کی سازش کررہے ہیں اور جس طرح انہوں نے جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش شروع کی ہے اس کے پس پشت اسرائیلی روپے خرچ ہورہے ہیں اور وہ اس ملک میں جمہوریت کے خاتمے کے لئے اسرائیلی روپے استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی عمران خان کے آقاؤں نے سازشیں کی اور ان کو کس طرح اس ملک کے غیور عوام نیجواب دیا تھا اب عمران خان بھی اپنا شوق پورا کرلیں انہیں بھی عوام بے نقاب کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے جلسہ میں وی آئی پی کلچر کے خاتمے کے دعویدار عمران خان خود کس طرح کے وی آئی پی کلچر کو ائیرکنڈیشن کنٹینر میں بیٹھ کر فروغ دے رہے ہیں وہ بھی سب دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بنی گالا کے فارم ہاؤس اور وی آئی پی کنٹینر کی بجائے خود عوام کے ساتھ سڑک پر بیٹھیں تو ان کی اصلیت سب کے سامنے آجائے گی۔ شرجیل انعام میمن نے اپنے جذباتی اور پرجوش خطاب کے دوران متعدد بار عمران خان کو متنبہ کیا کہ وہ محمود خان اچکزئی، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے خلاف اپنے الفاظوں کا چناؤ سوچ سمجھ کر کریں ورنہ ان سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور عوام کی جانب سے اس کا بھرپور جواب وہ برداشت نہیں کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں پر تنقید کی بجائے اپنے اعمال درست کریں۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی بدتمیزی ، ناچ گانے اوربداعمالی سے نہیں آسکتی۔