آئندہ الیکشن جاگیرداروں‘سرمایہ داروں‘وڈیروں اورکرپٹ لوگوں کیلئے موت کاپیغام ہو گا، سراج الحق،عوام ووٹ کااستعمال سوچ سمجھ کرکریں، پاکستان اب اسلامی پاکستان بنے گا،ہم اس ملک میں وہ نظام قانون اورجمہوریت لاناچاہتے ہیں جس کیلئے لاکھوں شہداء نے تحریک پاکستان میں قربانیاں پیش کیں،68سال گزرگئے وہ پاکستان نظرنہیںآ یا ،امیر جماعت اسلامی کا ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسہ عام سے خطاب

بدھ 24 ستمبر 2014 08:20

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24ستمبر۔2014ء)جماعت اسلامی کے مرکزی امیرسراج الحق نے کہاہے کہ آئندہ الیکشن انشاء اللہ جاگیرداروں‘سرمایہ داروں‘وڈیروں اورکرپٹ لوگوں کیلئے موت کاپیغام ثابت ہوگا۔عوام اپنے ووٹ کااستعمال سوچ سمجھ کرکریں۔ پاکستان اب اسلامی پاکستان بنے گا۔ہم اس ملک میں وہ نظام قانون اورجمہوریت لاناچاہتے ہیں جس کیلئے لاکھوں شہداء نے تحریک پاکستان میں قربانیاں پیش کیں۔

68سال گزرگئے ہیں وہ پاکستان نظرنہیںآ یا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے حقنوازپارک میں منعقدہ جماعت اسلامی کے زیراہتمام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔جلسہ عام میں صوبائی امیرجماعت اسلامی وسابق سینیٹر پروفیسر محمد ابراہیم‘صوبائی جنرل سیکرٹری شبیراحمدخان‘صوبائی وزیرزراعت سرداراکرام اللہ خان گنڈہ پور سمیت دیگرنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مرکزی امیر سراج الحق کی جلسہ گاہ آمدپرانکازبردست استقبال کیاگیا۔ضلعی امیرجماعت اسلامی مولاناسلیم اللہ ارشد‘زاہدمحب اللہ ایڈووکیٹ‘حافظ محمدرمضان‘بشیرہرگن‘سمیع اللہ خان‘عقیل ڈمرہ اورعبدالرشیدگنڈہ پورسمیت دیگرکی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے ان پرپھولوں کی پتیاں نچھاورکیں اورزبردست نعرے بازی کی۔جلسہ گاہ کوجماعت اسلامی کے جھنڈوں اوربینرزسے سجایاگیا۔

سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کرپٹ ‘خان خوانین کیلئے نہیں بنا۔اس کرپٹ طبقے نے پاکستان کودوحصوں میں تقسیم کیا۔ملک کاسرمایہ بیرونی ممالک میں منتقل کیا۔اسمبلی میں جاگیرداروں کے چشم وچراغ ‘پوتے نواسے اورنواسیاں بیٹھے ہیں۔یہ معاشی وسیاسی دہشتگردی ہے۔ان کی وجہ سے ملک غریب بن چکاہے۔غریب کابیٹااسمبلی میں نہیں جاسسکتا۔ہم پاکستان میں مدینہ جیسی ریاست چاہتے ہیں۔

ہمیں ایسی جمہوریت اورمنشورکی ضرورت نہیں ہے۔پاکستان کوچین اورملائیشیا سے زیادہ ترقی کرناچاہئے تھی۔آج ہم قرضوں میں جکڑے جاچکے ہیں۔انسان نے چاندپرقدم رکھاہے۔ہم یہاں بھوک سے مررہے ہیں۔آج ملک میں وی آئی پی کانظام ہے۔ہسپتالوں میں بڑوں کیلئے الگ نظام ہے غریب کیلئے الگ۔اسی وی آئی پی کلچرنے ملک کوبدنام کیا۔

سراج الحق نے کہاکہ چالیس روزسے اسلام آبادمیں دھرنوں کی صورت میں بحران ہے۔

دنیامیں ہماراملک ایک تماشہ بن چکاہے۔اس بحران کی وجہ سے وزیرستان سمیت دیگراہم مسائل سردخانے میں جاچکے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ یہ بحران جلدسے جلدحل ہو۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیرجماعت اسلامی پروفیسرمحمدابراہیم نے کہاکہ دنیامیں ظلم کانظام برپاہے۔وزیرستان آپریشن کی وجہ سے سینکڑوں نہیں ہزاروں تعلیمی ادارے بندپڑے ہیں۔طلباء زیورتعلیم سے محروم ہیں۔

15جون سے شمالی وزیرستان آپریشن کے آغازسے مزیددس لاکھ افرادشمالی وزیرستان سے بھی نکلنے پرمجبورہوچکے ہیں۔جبتک ہم امریکی غلامی سے نہیں نکلیں گے ہماراملک ترقی نہیں کرسکتا۔صوبائی جنرل سیکرٹری شبیراحمدخان نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن وسنت کی صورت میں تبدیلی دیکھناچاہتی ہے۔ملک میں امریکہ کی غلامی ہے۔ملک پرسرمایہ داراورجاگیردارطبقہ حکمران ہے۔ملک وسائل سے مالامال ہے۔ضلعی امیرجماعت اسلامی مولاناسلیم اللہ ارشدنے کہاکہ جماعت اسلامی ہی ملک کوموجودہ بحران سے سراج الحق کی قیادت میں نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔