ریکوڈک منصوبے پر تیز رفتاری سے آئی سی ایس ڈی کی ثالثی میں مختلف متنازع مسائل کو جلد از جلدحل کیا جائے،منصوبہ پاکستان کے لئے اہم اور بلوچستان کی ترقی میں خصوصی کردار ادا کرے گا، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں فیصلہ،وزیر خزانہ کی زیر صدارت قوانین پر نظر ثانی کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں جلد متعارف کروائے جانے والے گیس انفراسٹرکچر دیویلپمنٹ سرچارچ(جی آئی ڈی سی)، اور دیگر آرڈنینس کے مسودوں پر بھی تفصیلی غورخوص کیا گیا

بدھ 24 ستمبر 2014 08:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24ستمبر۔2014ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ک زیر صدارت ہونے والے قوانین پر نظرثانی کی خصوصی کمیٹی کے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ر یکوڈک منصوبے پر تیز رفتاری سے انٹرنیشنل سینٹر فار انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس( آئی سی ایس ڈی ) کی ثالثی کے زریعے مختلف متنازع مسائل کو جلد از جلدحل کیا جائے تا کہ معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے، ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے لئے اہمیت کا حامل ہے اور ایک مرتبہ شروع ہونے کے بعد یہ منصوبہ بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اوربالخصوص اس کے باعث صوبے میں روزگار کے کافی نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔

منگل کے روز وزارت خزانہ میں و فاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت قوانین پر نظر ثانی کی ایک خصوصی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا ،جس میں ریکوڈک منصوبے پر انٹرنیشنل سینٹر فار انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس( آئی سی ایس ڈی ) کی ثالثی کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا اوراس حوالے سے آئی سی ایس ڈی کی جانب سے ثالثی کا مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا ، اجلاس کے دوران ریکوڈک منصوبہ سے متعلقہ مختلف قوانین کے مسودوں اوروفاقی و بلوچستان کی صوبائی حکومت کے خلاف کی جانے والی قانونی چارہ جوئی پر بھی تفصیلی غور فکر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء کا اصرار تھا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے لئے اہمیت کا حامل ہے اور ایک مرتبہ شروع ہونے کے بعد یہ منصوبہ بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اوربالخصوص اس کے باعث صوبے میں روزگار کے کافی نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔اجلاس میں گیس انفراسٹرکچر دیویلپمنٹ سرچارچ(جی آئی ڈی سی) کے حوالے سے ایک خصوصی آرڈینینس جو کہ جلد ہی نافذ کیا جا رہاہے اور دیگر آرڈینینس جو کہ آئندہ متعارف کرائے جا رہے ہیں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر اجلاس میں اس بات سے اتفاق رائے کیا گیا کہ ریکوڈک منصوبے پر تیز رفتاری سے ثالثی کے زریعے مختلف متنازع مسائل کو جلد از جلدحل کیا جائے تا کہ معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل سینٹر فار انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس( آئی سی ایس ڈی ) عالمی بنک گروپ کا ایک ادارہ ہے جو کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے دوران متنازع معاملات پر ثالثی کی سہولیات فراہم کر تا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد، وزیراعظم کے معاون خصوصی خواجہ ظہیر احمد، اٹارنی جنرل پاکستان سلمان اسلم بٹ، مشیر خزانہ رانا اسد امین، اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ندیم حسن آصف نے شرکت کی۔