کون باغی ہے اور کون داغی؟، ملتان میں آکر میرے مقابلہ میں الیکشن لڑکے دیکھ لیں،جاوید ہاشمی کا شاہ محمود کو چیلنج،دھرنوں کی سیاست نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے،تحریک انصاف میں آج جو لوگ شامل ہیں ان میں اکثریت مشرف کے ساتھیوں کی ہے،حکومت کوئی غلط کام کرے گی فیصلے کرے گی تو اس کی بھی مخالفت کرونگا اور اپوزیشن کی جانب سے کوئی غلط بات ہوئی تو مخالفت کرونگا،ملتان میں پریس کانفرنس

منگل 23 ستمبر 2014 04:14

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے باغی صدر جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج ملتان آکر میرے مقابلے میں این اے 149اور 150 سے استعفیٰ دیکر دونوں حلقے میں الیکشن لڑ کردیکھ لیں اور ملتان کے عوام یہ ثابت کردینگے کہ باغی کون ہے اور داغی کون ہے۔

یہ بات انہوں نے سوموار کو اپنی رہائش گاہ پر ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کے لوگ مجھے بھی جانتے ہیں اور شاہ محمود کو بھی جانتے ہیں، میں مخدوم نہیں مجھے میڈیا والے مخدوم نہ لکھیں میں جاوید ہاشمی ہوں اور جاوید ہاشمی کسی غریب سے یا مرید سے پیسے نہیں لیتا میں اس کو جرم اور گناہ سمجھتا ہوں جبکہ شاہ محمود قریشی کے بارے میں دنیا جانتی ہے کہ وہ اپنے مریدوں سے کیا کچھ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب میں سیاست میں آیا تھا اس وقت شاہ محمود کے والد سیاست کیا کرتے تھے اور میرے خلاف ایک گرینڈ الائنس بنا تھا لیکن قدرت نے مجھے فتح دے دی۔ املک کے حالات سب کے سامنے ہیں دھرنوں کی سیاست نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔تحریک انصاف میں آج جو لوگ شامل ہیں ان میں اکثریت مشرف کے ساتھیوں کی ہے میں نے کاغذات جمع کرانے کا فیصلہ کیا اور کل اپنے کاغذات آزاد حیثیت سے جمع کراؤنگا اگر شاہ محمود قریشی کو شوق ہے تو آکر پورا کرلیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کراچی کے جلسے میں جو کچھ کہا کہہ دیا ان کو کوئی روکنے والا نہیں تھا میں انہیں کہتا ہوں مجھے مجبور نہ کریں میں بولا تو جگ ہنسائی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملتان کے ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لے گی لیکن میں چاہتا ہوں وہ حصہ لیں میں آزاد لڑ رہا ہوں میرے مقابلے میں آئیں شاہ محمود کو بھی پتہ چل جائے گا کون داغی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جب سے آنکھ کھولی ہے اسی وقت سے میں متوسط طبقے کی سیاست کررہا ہوں میں مخدوم نہیں ہوں مجھے مخدوم نہ لکھا جائے میں غریبوں کو لوٹتا نذرانے نہیں لیتا میں ان باتوں کو جرم اور گناہ سمجھتا ہوں ۔ شاہ محمود قریشی اس نظام کو برا سمجھتے ہیں مگر اسمبلی سے چمٹے ہوئے ہیں اسمبلی میں جا کر ہمت نہیں ہوئی کہ استعفے پیش کریں شاہ محمود کو وائس چیئرمین بنانے کیلئے شیریں مزاری کو پارٹی سے نکالا گیا اور خورشید قصوری کو بھی کاغذات جمع نہ کرانے دیئے ۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گورنر کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی انہوں نے کہا عمران خان بھولا آدمی ہے نوجوانوں کیلئے ایک نیا قائد آیا تھا پاکستان کی بیس پچیس سال کی تاریخ میں ایک نیا لیڈر ابھر کر سامنے آیا تھا لیکن کچھ لوگوں نے اسے غلط استعمال کرلیا اور میں نے متعدد بار خبردار کیا تھا کہ آپ غلط لوگوں کے ہاتھوں میں استعمال ہورہے ہیں میں قادری صاحب کو بھی صاحب علم سمجھتا ہوں مگر اس معاملے میں وہ بھی غلط استعمال ہوگئے ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا اسلام آباد سے کراچی اور کراچی سے اب لاہور جارہا ہے اگر عمران خان میرے مشورے پر چلتے اور صحیح راستہ اپناتے تو میں ان کے ساتھ چلتا میں آج بھی تبدیلی کے فیصلے کی حمایت کرتا ہوں آج جو اداروں میں تبدیلیاں آئی ہیں ان کو بھی خوش آمدید کہتا ہوں اور ان کی حمایت کرتا ہوں اچھے فیصلے ہوئے ہیں آج بھی ہماری نوجوان نسل عمران خان کی جانب دیکھ رہی ہے عمران خان غریبوں ، ہاریوں کسانوں کا لیڈر ہے مگر وہ سازش کا شکار ہوگئے انہوں نے مزید شاہ محمود پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئیں اور اپنی مرضی کا الیکشن کمیشن بنا کر ملتانوں کی دونوں نشستوں سے الیکشن لڑیں ان کو پتہ چل جائے گا کہ کون باغی ہے اور کون داغی ہے یہ قوم جاگ رہی ہے دھرنوں سے پوری ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ سول نافرمانی نہیں کرینگے مگر انہوں نے کی میں اب بھی عمران خان سے کہتا ہوں کہ قوم کو غلط راستہ نہ بتائیں ۔ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ جب تک زندہ ہوں کسی کو جمہوریت کا مذاق نہیں اڑانے دونگا اور جمہوریت پر کوئی نقب نہیں لگانے دونگا حکومت کوئی غلط کام کرے گی فیصلے کرے گی تو اس کی بھی مخالفت کرونگا اور اپوزیشن کی جانب سے کوئی غلط بات ہوئی تو مخالفت کرونگا ہاں میں ہاں نہیں ملاؤنگا

آج بھی کہتا ہوں عمران خان بڑا آدمی اور میرا چھوٹا بھائی ہے مگر قوم کے نوجوانوں نے عمران خان کو جو مینڈیٹ دیا قوم کو آگے بڑھانے وہ اس کو آگے نہیں بڑھا سکے ۔

عمران خان کا مقام نواز شریف ، آصف علی زرداری سے زیادہ ہے کچھ قوتیں پاکستان کی ابھرتی ہوئی قیادت کو مٹا دیتی ہیں ہم احساب کرینگے نواز شریف کا بھی اور باقیوں کا بھی سب سے پہلے جاوید ہاشمی کا احتساب ہونا چاہیے اور میں نے مشرف کے دور میں سات سال احتساب بھگتا ہے جیل کاٹی ہے نیب کا تشدد برداشت کیا ہے اور اللہ کے کرم سے صاف ہوکر باہر آیا ہوں انہوں نے کہا کہ مجھے تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے حمایت کا یقین دلایا جن میں حاصل بزنجو، محمود اچکزئی ، آفتاب شیر پاؤ ،مولانا فضل الرحمان ، اسفند یار ولی سب شامل ہیں مجھے الطاف بھائی نے بھی فون کرکے حمایت کا یقین دلایا ہے اور آصف علی زرداری صاحب نے بھی حمایت کا یقین دلایا ہے ۔

شیخ رشید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ میرے بارے کچھ بولیں تو پھر ان کے حوالے سے بات کرونگا اس نے جو ملک میں آگ لگائی ہے اس کو بجھانے کیلئے بہت وقت لگے گا میں شیخ رشید کو لاہور ہوٹل کے باہر تھڑے پر سونے کے وقت سے جانتا ہوں، لال مسجد کے مظلوم شہداء پر ظلم ہوا اور انہیں لال مسجد والوں نے الیکشن میں شیخ رشید کا ساتھ نہ دیا ۔ آج جو پاکستان کی پارلیمنٹ نے کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے یہ پارلیمنٹ آئین کے تحفظ کیلئے کھڑی ہوئی ہے اور آئین کو بچا لیا ہے میں اب بھی کہتا ہوں کہ پارلیمنٹ کا کام اپنی جگہ ہے مگر پارلیمنٹ کے اندر موجود وزراء اور اراکین اسمبلی اگر کوئی غلط کام کریں تو ان پر کڑی اور سخت تنقید ہونی چاہیے میں جاوید ہاشمی بھی غلط کام کرونگا تو عوام اور میڈیا مجھے نہیں بخشے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں زہرہ آپا کو قتل کروایا یا نہیں مجھے علم نہیں عمران خان نے کہا تھا کہ میں ثابت کرونگا کہ اس قتل میں ایم کیو ایم ملوث ہے اور میں اس کا حساب لونگا مگر کل کراچی کے جلسے میں عمران خان نے زہرہ آپا کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی تووہ زہرہ آپا کے مجرم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں متعدد بار کہہ چکا ہوں کوئی بھی احتساب سے نہیں بچے گا میں نے عمران خان سے کہا تھا کہ پارلیمنٹ پر حملہ نہیں ہونا چاہیے ۔