بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ،(ڈیسکوز)نے ملی بھگت سے بلوں میں اضافہ کرکے اربوں روپے عوام سے چرالئے،وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی (آج)رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کرے گی،ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی نے تفصیلی تحقیقات کے بعد 15 لاکھ صارفین کے اعدادو شمار کا جائزہ لیا،ذرائع

پیر 22 ستمبر 2014 08:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22ستمبر۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے بجلی کے بلوں میں گزشتہ ماہ غیر معمولی اضافے کا نوٹس لئے جانے کے بعد بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ بجلی کی ضلعی کمپنیوں (ڈیسکوز)نے ملی بھگت سے بلوں میں اضافہ کیا اور اربوں روپے عوام سے چرائے گئے ۔باخبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی نے تفصیلی تحقیقات کے بعد 15 لاکھ صارفین کے اعدادو شمار کا جائزہ لیا ہے جس سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ ڈسکوز نے خاص حکمت عملی کے تحت ملی بھگت سے عوام سے اربوں روپے لوٹے اس مقصد کے لئے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو دی گئی رعایت کا لحاظ نہ رکھا گیا بلکہ ایک یونٹ سے ہی وہ ریٹ لگایا گیا جو 200 سے زائد یونٹ پر لگایا جاتا تھا اس طرح 200 یونٹ سے کم استعمال کرنے والے صارفین بھی اس کی زد میں آئے اور ان کے بل کئی گئی بڑھ گئے جس سے ملک بھر میں عوامی اور سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور حکومت مخالف حلقوں کو نہ صرف پراپیگنڈے کا موقع ملا بلکہ عوامی حلقوں نے کھلے عام بجلی کے بل نذرآتش کر کے بھی اپنے غم وغصے کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بجلی کے بلوں میں اس غیر معمولی اضافے سے نہ صرف عام لوگ متاثر ہوئے بلکہ وزراء کی رہائش گاہوں اور دیگر مقامات کے بل بھی کئی گنا بڑھ گئے جس سے وہ خاموش نہ رہ سکے اور کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں چیخ پڑے جس پر وزیر اعظم کو بھی اس کا نوٹس لینا پڑا اورتحقیقات کے لئے کمیٹی بنانا پڑی۔یہ کمیٹی آج پیر کو ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :