کراچی میں دہشت گردی کا تسلسل جاری، اتوارکوفائرنگ کے دومختلف واقعات میں 7افرادجاں بحق ہوگئے

پیر 22 ستمبر 2014 08:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22ستمبر۔2014ء)شہرقائدمیں دہشت گردی کا تسلسل جاری اتوارکوفائرنگ کے دومختلف واقعات میں 7افرادجاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے حسین آباد میں میمن میڈیکل سینٹر کے قریب واقع ایک ہوٹل کے باہر 4 افراد ناشتے میں مصروف تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ناشتے میں مشغول چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں طبی عملے نے 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی جبکہ چوتھے زخمی کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے والے تینوں افرادآپس میں دوست تھے جن کی شناخت عمران،نویداورساجد کے ناموں سے ہوئی ہے۔جاں بحق افرادکا تعلق میمن کمیونٹی سے تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق تینوں افرادشادی شدہ تھے۔عمران ایک بچی کا باپ جبکہ نویدکی حال ہی میں شادی ہوئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ہوٹل پرلوگ ناشتے میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر نامعلوم افراد ہوٹل کے باہر آکر رکے ۔

ویٹر نے شک گزرنے پر ان سے باز پرس کی تو انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے کئی افراد شدید زخمی ہوگئے ۔

دہشتگرد فائرنگ کے بعد جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قاتل انتہائی تربیت یافتہ دکھائی دیتے تھے اور انہوں نے مقتولین کے سروں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور خون کے نمونوں سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرکے ہوٹل مالک اور وہاں موجود دیگر افراد کے بیان لے لئے ہیں۔

پولیس نے بیانات کی روشنی میں نامعلوم افراد کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ دکھائی دیتا ہے کیونکہ قاتلوں نے مرنے والوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی تاہم حتمی بیان تفتیش کے بعد ہی دیا جاسکتا ہے۔ اورنگی ٹاؤن 10 نمبر فقیر کالونی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت محمد حنیف اور محمد سلیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔

لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت مٹھو اور معین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ لانڈھی کے علاقے گجر چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :