آج اسلام آباد کے دھرنے کا چالیسواں ہے، قوم اب حکمرانوں کومعاف نہیں کریگی،شاہ محمود قریشی،عام انتخابات میں کراچی کے عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہر نوجوان اور مزدور کے لبوں پر گو نواز گو کا نعرہ ہے، مزارقائد پر جلسہ عام سے خطاب

پیر 22 ستمبر 2014 08:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ عام انتخابات میں کراچی کے عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا جس پر وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،پیرکو اسلام آباد کے دھرنے کا چالیسواں ہے، آج ہر نوجوان اور مزدور کے لبوں پر گو نواز گو کا نعرہ ہے۔یہ قوم اب حکمرانوں کومعاف نہیں کریگی۔

وہ اتوارکو شہرقائد میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام مزارقائد پرہونے والے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔جلسہ عام میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سمیت خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سوئی ہوئی قوم کو جگادیا ہے۔ 40 دن کنٹینر پر عمران خان نے پاکستانی سیاست کا نقشہ پلٹ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں جاگ گیا ہے۔

پاکستان جاگ گیا ہے اور ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی زندہ ہے اور نواز شریف کی رخصتی کا وقت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھی کراچی آکر گنتی کرلیں کہ کتنے لوگ ہیں۔ شاہ محمودقریشی نے پی ٹی آئی کے سابق جاویدہاشمی کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ 25 دسمبر 2011 کو کراچی والوں نے تحریک انصاف کے جلسہ عام میں ایک سیاسی شخصیت کی شمولیت پر بھرپور انداز میں خوش آمدید کیا تھا اور باغی کے نعرے لگائے تھے اب وہ ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن)میں چلے گئے ہیں وہ باغی نہیں داغی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی والوں نے باغی کو داغی کردیا ہے۔ 16 اکتوبر کو بھی ملتان میں بھی باغی کو داغی کردیں گے۔ انہوں نے پرجوش انداز میں باغی ہوگیا ہے داغی کے نعرے بھی لگوائے۔ انہوں نے کہاکہ وہ سندھی عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم سندھ کے ہر ضلع اور ہر تعلقے میں جائیں گے۔میں نے لاڑکانہ میں سندھی نوجوانوں کے بدلے ہوئے تیور دیکھے ہیں۔ اب پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی جماعت نہیں رہی بلکہ زر اور زرداری کی جماعت ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کمیشن کلچر سے تنگ آچکے ہیں۔ تحریک انصاف کراچی کو امن دے گی۔ کراچی والے خوف کی زنجیریں توڑ کر عمران خان کو کامیاب کرائیں۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ قائداعظم کے شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری عروج پر ہے،ہزاروں ڈاکٹراور انجینئر ملک چھوڑ کر جارہے ہیں ۔

عمران خان کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ ختم کرنے آگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے اس لئے قربانی سے پہلے قربانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف شرافت سے چلے جائیں تو اچھا ہے۔ انشاء اللہ الیکشن کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے میں لوگ پرجوش ہیں اور ہر طبقے کی نمائندگی جلسے میں نظر آرہی ہے۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری نے کہا کہ کراچی سمیت پورا سندھ عمران خان کا گھر ہے، کبھی ہمیں ذوالفقار علی بھٹو کے نام پر تو کبھی قائد اعظم کی مسلم لیگ کے نام پر بیچا جاتا ہے۔

ایسی صورت میں سندھ کے محروم عوام عمران خان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ناز بلوچ نے کہا کہ کراچی میں روزانہ بوری بند لاشیں ملتی ہیں۔ کراچی کے مسائل کے حل کا نجات دہندہ عمران خان ہے اور کراچی کو آزاد کرانے کے لئے ٹھپہ مافیا کا خاتمہ ضروری ہے۔ سبحان علی ساحل نے کہا کہ 11 مئی 2013ء کے الیکشن میں کراچی کے عوام نے عمران خان کا ساتھ دیا۔