بھارت نے دریائے چناب پر بجلی گھر کیلئے جگہ کا معائنہ کرانے پر رضامندی ظاہر کر دی،پاکستان کمشنر انڈس واٹر بھارت روانہ ،مقبوضہ کشمیر جاکر معائنہ کریں گے

اتوار 21 ستمبر 2014 08:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21ستمبر۔2014ء)بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر 140 میگا واٹ کے معیار کے بجلی گھر کی جگہ کا معائنہ کرانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے جس کے لیے پاکستان کمشنر انڈس واٹر کی سربراہی میں وفد ہفتہ کو بھارت روانہ ہوگیا ہے ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق وزارت پانی و بجلی کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کمشنر انڈس واٹر ڈاکٹر مرزا آصف بیگ کی سربراہی میں وفد پہلے نئی دہلی اور بعد میں مقبوضہ کشمیر جائے گا۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب کے معاون بڑے نالے معیار کا رخ موڑ کر 140 میگا واٹ کے بجلی گھر کی سائٹ انسپیکشن اکیس سے چوبیس ستمبر تک کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کے سربراہ اپنے ہم منصب "کے وورا " سے حالیہ سیلاب کے دوران دریائے چناب میں بہنے والے پانی کا سلال اور بگلیہار کے مقامات کا ڈیٹا دینے کا بھی مطالبہ کریں گے۔ پاکستان معیار بجلی گھر کی سائٹ انسپیکشن کا پچھلے دو سال سے مطالبہ کر رہا تھا۔