عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کے تحت اپنا بجلی کا بل جلا دیا،نواز شریف سے پوچھتا ہوں ایک سال میں بجلی کی قیمت 80 فیصد بڑھا دی لیکن بجلی کی چوری کم کیوں نہیں کی گئی؟ نوازشریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو ان کے لیے ہر دن مشکل ہوتا جائے گا وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں یہاں سے تھک کر چلا جاوٴں گا، بڑی عید کا پلان بنا لیا ہے،ہم یہاں سے چلے گئے تو دھاندلی کی کوئی تحقیقات نہیں ہو نگی ، آزادی دھرنے کے شرکا سے خطاب

ہفتہ 20 ستمبر 2014 07:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2014ء ) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کے تحت دھرنے میں اپنا بجلی کا بل جلا دیا جب کہ دھرنے میں موجود شرکا نے بھی اپنے بل جلاڈالے،عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے پوچھتا ہوں ایک سال میں بجلی کی قیمت 80 فیصد بڑھا دی لیکن بجلی کی چوری کم کیوں نہیں کی گئی؟ اگر نوازشریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو ان کے لیے ہر دن مشکل ہوتا جائے گا وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں یہاں سے تھک کر چلا جاوٴں گا، ہم یہاں سے چلے گئے تو دھاندلی کی کوئی تحقیقات نہیں ہو نگی ۔

جمعہ کی رات ڈی چوک پر آزادی دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں یہاں سے تھک کر چلا جاوٴں گا، ہم نے بڑی عید کا پلان بنا لیا ہے ہم قربانی بھی دھرنے میں ہی کریں گے کیونکہ اگر ہم یہاں سے چلے گئے تو دھاندلی کی کوئی تحقیقات نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اگر نوازشریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو ان کے لیے ہر دن مشکل ہوتا جائے گا جبکہ حکومت نے ہمارے آد ھے مطالبات بھی نہیں مانے اور مطالبات ماننے کی باتیں کرکے جھوٹ بولا جارہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اپنے آپ کو قائد اعظم سے نہ ملائیں، قائداعظم نے ملک اقتدار کے لیے نہیں بلکہ پاکستانیوں کے لیے بنایا تھا انہوں نے پاکستان بنایا تھا فیکٹریاں نہیں بنائیں،قائداعظم نے ہمیشہ سچ بولا اور نوازشریف کے جھوٹ بے شمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں جمع ہونے کا مقصد قوم کو ان کے حقوق بتانا ہے جیسے ہی عوام کو اپنے حقوق کا پتا چل جائے گا تب کسی بھی حکمران میں عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھنے کی جرات نہیں ہوگی۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مزدوروں پر ظلم ہورہا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے،سندھ کے ہاریوں پر جاگیرداروں جیسا ظلم کہیں بھی نہیں دیکھا، ظلم کہیں پر بھی ہو مقابلہ کرنا سب کا فرض ہے اور ہم اسی ظلم کے خلاف اسلام آباد میں بیٹھے ہیں کیونکہ ظلم و ناانصافی کا مقابلہ کرنا جہاد ہے جبکہ اب عوام بھی ہمارے نظریئے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے وعدے کے مطابق اپنے بجلی کے بل جلا دئیے۔ ا ان کا کہنا ہے کہ میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میں اپنے بجلی کے بل جلا دوں گا۔ بجلی چوری کوئی اور کرتا ہے لیکن زائد بل عوام سے وصول کئے جاتے ہیں۔ میں نواز شریف سے پوچھتا ہوں کہ ایک سال میں بجلی کی قیمت 80 فیصد بڑھا دی لیکن بجلی کی چوری کم کیوں نہیں کی گئی؟۔ عمران خان نے کہا کہ حکمران پاکستانیوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھنا چاہتے ہیں۔

میں غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہوں۔ جو قومیں ظلم کا مقابلہ نہیں کرتیں ان کی قسمت میں غلامی لکھ دی جاتی ہے۔ لوگوں کو حقوق مل جائیں تو وہ آزاد ہو جاتے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے کیساتھ مْک مْکا کر لیا ہے۔ نواز شریف کے ہوتے ہوئے انصاف نہیں مل سکتا۔ نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے تو ان کیلئے مشکلات میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو قائداعظم کا نام لیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ قائد اعظم نے کبھی منی لانڈرنگ نہیں کی نہ اقتدار کے لیے پاکستان بنایا تھا۔ قائد اعظم نے کبھی غیر جمہوری کام نہیں کیا۔