پہلے مکمل لاتعلقی اور بے حسی پھرامداد کی پیشکش، پنجاب سیلاب میں ڈوبا رہا،کے پی کے کا وزیراعلیٰ رقص و سرود کی محفلیں سجاتا رہا،شہبازشریف کے استفسار پرسیلاب متاثرین کے مجمع نے بھی ایسی امداد قبول کرنے سے انکار کردیا

جمعہ 19 ستمبر 2014 08:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت نے متاثرین سیلاب سے مکمل لاتعلقی اوربے حسی کا مظاہرہ کرنے کے بعد خیبر پختونخوا کی جانب سے 10کروڑ روپے کی پیشکش کرکے پنجاب کے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کی کوشش کی ہے۔ آج ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں عوام کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ میڈیا والے مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آپ نے سندھ حکومت اور بلوچستان حکومت کی امداد لے لی ہے لیکن خیبر پختونخو اکی امداد کیوں قبو ل نہیں کی، میں چاہتا ہوں کہ اس سوال کا جواب یہاں متاثرین سیلاب سے لیا جائے،چنانچہ وزیراعلیٰ نے اجتماع سے موجود افراد سے دریافت کیا کہ اگر کسی کے گھر میں فوتگی ہوجائے اور اس کاہمسایہ تعزیت کرنے کیلئے آنے کے بجائے اپنے گھر میں اونچی آواز میں موسیقی اورگانے بجاتا رہے اور اگلے روز کھانا لے کر پہنچ جائے تو کیا اسے یہ کھانا قبول کرلینا چاہیے،جس پر مجمع نے بیک آواز ہوکر کہاکہ بالکل نہیں ۔

(جاری ہے)

جس پر شہبازشریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام ہمارے بھائی ہیں لیکن جب پنجاب سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا تو ان کا وزیراعلیٰ اسلام آباد میں کنٹینر پر رقص و سرود کی محفلیں سجا ئے ہوئے تھا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام بھی خیبر پختونخوا کے عوام کی طرح غیورہیں اور وہ ایسے لوگوں سے کوئی امداد لینا پسند نہیں کرتے۔

متعلقہ عنوان :