دورہ امن کی تربیت جنگ کے دورمیں کامیابی کی ضمانت ہے ، آپریشن ضرب عضب میں تمام جوانوں کی خدمات قابل تحسین ہیں،چیف آف آرمی سٹاف

جمعہ 19 ستمبر 2014 08:41

راولپنڈی،شنکیاری (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19ستمبر۔2014ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دورہ امن کی تربیت جنگ کے دورمیں کامیابی کی ضمانت ہے ۔شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں تمام جوانوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔وہ جمعرات کو شنکیاری میں جونیئر لیڈرز اکیڈمی میں جوانوں کی تربیت اور فعالیت کے نظام (بیسز)کی اختتامی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے جو انٹرریجمنٹل سنٹر میں منعقد ہوئی ۔

بیسز کو فوج میں جسمانی فٹنس کے معیار کے فروغ کے لئے متعارف کرایا گیا ہے تا کہ جوان کامیابی سے مستقبل کے جنگی ماحول کے چیلنجوں کا سامنا کرسکیں اس کے تحت جدید تکنیک پر توجہ دی جاتی ہے جبکہ گروپ کی بجائے انفرادی سطح پر تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے تربیت دینے والوں اور لینے والوں دونوں کی کاوشوں اورمقابلے کے جذبے کے ساتھ ساتھ کارکردگی کو سراہا ۔

ہر فوجی کی جسمانی فٹنس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ امن کے دور میں تربیت ہی جنگ کے دور میں کامیابی کی واحد ضمانت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کے دوران ہر رینک کے جوان اپنی بھر پور صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔بعد ازاں آرمی چیف نے جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں جبکہ انفرادی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں میڈل تقسیم کئے۔انفرادی میڈل سپاہی گلفام ،سپاہی محمد زبیر،سپاہی نوید اشرف اور سپاہی بابر علی نے حاصل کیں ہیں قبل ازیں جونیئر لیڈرز اکیڈمی آمد پر آرمی چیف کا انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیو ایشن لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے خیرمقدم کیا۔

متعلقہ عنوان :