اے این پی کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی عدم موجودگی کے باعث وزیرداخلہ سے آئی جی اور چیف سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرنے اور عوام کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ،کیوں نہ وزیراعلیٰ کے پی کی تصویر بھی گمشدہ افراد کے ساتھ شائع کی جائے،چوہدری نثار،ملک میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے،وزیراعلیٰ کومشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے مگر وہ یہاں انقلاب برپا کررہے ہیں،وزیرداخلہ اور اے این پی کے زاہد خان کاپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 18 ستمبر 2014 08:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18ستمبر۔2014ء)عوامی نیشنل پارٹی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی عدم موجودگی کے باعث وزیرداخلہ سے آئی جی اور چیف سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرنے اور عوام کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے پارلیمنٹ ہاؤس ‘ پی ٹی وی اور کیبنٹ سیکرٹریٹ پر حملہ کرنے والوں کی تصویریں شائع کی جارہی ہیں‘ کیوں نہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کی تصویر بھی گمشدہ افراد کے ساتھ شائع کی جائے انہیں خیبرپختونخواہ میں مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے مگر وہ یہاں انقلاب برپا کررہے ہیں۔

بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اے این پی کے سینیٹر زاہد خان کے پوائنٹ آف آرڈر کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواہ میں عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے آئندہ ایک دو دن میں تفصیلی رپورٹ ایوان میں پیش کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی طرح کے پی کے سکیورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور سکیورٹی خدشات بھی ہیں۔

مجموعی طور پر کے پی کے کے حالات سب سے زیادہ خراب ہیں۔ وہاں پر وزیراعلیٰ کو بہتر گورننس کی مثال قائم کرنی چاہیے۔ صوبے کو مشکل اور حساس معاملات کا سامنا ہے مگر کے پی کے کے وزیر یہاں انقلاب برپا کررہے ہیں۔ اصل انقلاب انہیں ان لوگوں کے خلاف لانا چاہیے جو ان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے وزیر اعلیٰ کی تصویر بھی گمشدہ افراد کے طور پر شائع ہونی چاہیے ۔

سوات میں امن و امان کے حالات سخت خراب ہیں۔ عوام سخت مشکلات میں کھڑے ہیں۔ قبل ازیں سینیٹر زاہد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ پورے صوبے میں دہشت گرد اور حکمران ملے ہوئے ہیں۔ معصوم لوگوں کا قتل عام ہورہا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ یہاں بیٹھا ہوا ہے۔ لوگ انصاف کے متلاشی ہیں، سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں، بے گھر افراد کا کوئی پرسان حال نہیں ان کی مشکلات کا ازالہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ وہاں سے غائب ہے ‘ وزیر داخلہ آئی جی اور چیف سیکرٹری سے رپورٹ طلب کریں اور عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :