اقتدار میں آ کر غیرقانونی کام کرنیوالوں کو نہیں چھوڑیں گے،عمران خان ، وی آئی پی کلچرکے خلاف عوام کا آوازاٹھانابتارہا ہے تبدیلی آگئی ہے۔ کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، پولیس ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ، حکمرانوں کے خلاف مقدمہ درج ہونا تبدیلی کی جانب اشارہ کررہاہے، آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب

جمعرات 18 ستمبر 2014 08:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مطالبات منوائے بغیر دھرنا ختم نہیں کریں گے، وی آئی پی کلچرکے خلاف عوام کا آوازاٹھانابتارہا ہے کہ تبدیلی آگئی ہے۔ کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، پولیس ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی جب خوف کی زنجیریں ٹوٹ گئیں حقیقی آزادی مل جائے گی۔

منگل کے روز آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکمران جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ پولیس جتنے مرضی ظلم کر لے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ مطالبات منوائے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لوگ وی آئی پی کلچر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں جب خوف کی زنجیریں ٹوٹ گئیں حقیقی آزادی مل جائے گی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کے کاروبار ملک سے باہر ہیں انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں اگر دھرنے میں ڈیڑھ ہزار افراد آتے ہیں تو حکومت نے تیس ہزار پولیس اہلکار کیوں تعینات کر رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وی آئی پی کلچرکے خلاف عوام کا آوازاٹھانابتارہا ہے کہ تبدیلی آگئی ہے۔ جمہوری معاشروں میں وی آئی پی صرف ووٹر ہوتا ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے سوال کیا کہ حکومت بتائے کہ بجلی کی قیمت میں اسی فیصد اضافہ کس لئے کیا گیا ہے؟۔

انہوں نے پنجاب حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک بھر رجسٹر ہونے والے ریپ کیسز میں سے اسی فیصد پنجاب میں ہوتے ہیں، سب سے زیادہ بیروزگاری پنجاب میں ہوتی ہے۔عمران خان نے بتایا کہ شہباز شریف کا بیٹا ساڑھے سات ارب روپے کی سرمایہ کاری کرکے نجی پاور پلانٹ بنارہا ہے جس سے مہنگی بجلی خرید کر عوام کو بیچی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے خلاف مقدمہ درج ہونا تبدیلی کی جانب اشارہ کررہاہے، انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وہ وزیراعظم سے استعفیٰ لیے بغیرنہیں جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :