حکومت مکمل طور پر اپنے سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہے ،متاثرین کی آباد کاری کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گی ، نواز شریف،حکومت متاثرین کے دکھوں کو ختم کرنے کے لئے اپنا حقیقی کردار ادا کرے گی، جائزے کے بعد نقصان کی رقم کا تخمینہ لگائیں گے ،گھروں کی تعمیر میں میرے سمیت شہباز شریف متاثرین کے ساتھ ہوں گے،مظفر گڑھ کے علاقے خورشید آباد میں متاثرین سیلاب سے گفتگو

بدھ 17 ستمبر 2014 09:04

مظفر گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر اپنے سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہے اور حکومت سیلاب سے متاثرین کی آباد کاری کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گی ۔منگل کے روز وزیر اعظم نوازشریف نے مظفر گڑھ کے علاقے خورشید آباد میں متاثرین کیمپ کا دورہ کیا اور دورے میں نواز شریف کو سیلاب سے تباہ کاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی کہ سیلاب سے155 دیہات متاثر ہوئے جبکہ مال مویشی سمیت لوگوں کے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔

بعد ازاں وزیر اعظم نے خود سیلاب متاثرین سے کیمپ میں جا کر فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور ان کے ساتھ ان کی زبان سرائیکی میں بات کی۔بعد ازاں نواز شریف نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے دکھوں کا احساس ہے کیونکہ مجبوری کے بغیر کوئی بھی اپنا گھر نہیں چھوڑتا لیکن سیلاب نے آپ کے گھروں اور فصلوں کو ڈبو دیا جبکہ مال مویشی بھی سیلاب میں بہہ گئے اور اس سے روز مرہ کی زندگی متاثر ہوئی ان تمام تکالیف اور دکھوں میں سیلاب متاثرین کے ساتھ برابر کا شریک ہوں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کا دکھ حکومت اور قوم کا دکھ ہے اور حکومت متاثرین کے دکھوں کو ختم کرنے کے لئے اپنا حقیقی کردار ادا کر ے گی ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب جیسی آفت نے جس طرح عوام کو دبوچا اس کا احساس ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کیمپوں کے دورے میں دیکھا کہ بچے اور بوڑھے جس کسم پرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں لیکن متاثرین سے بھر پور ہمدردی ہے اور بھر پور ساتھ دوں گا ۔

نواز شریف نے سیلاب متاثرین ،وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر چنڑ کے حوصلے کو سراہا جبکہ نواز شریف نے پاک فوج اور انتظامیہ کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں اور جائزے کے بعد نقصان کی رقم کا تخمینہ لگائیں گے اور گھروں کی تعمیر میں میرے سمیت شہباز شریف متاثرین کے ساتھ ہوں گے ۔