خیبر ایجنسی میں فورسز کی بمباری ، 20شدت پسند ہلاک، 5ٹھکانے تباہ،جیٹ طیاروں نے وادی تیراہ کے علاقوں تور درہ اور دوہ توئی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی، ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے ‘سکیورٹی ذرائع،شمالی وزیرستان کے علاقہ اسپین وام میں دہشت گردوں کا افغانستان سے پاکستانی چوکی پر حملہ، تین ایف سی اہلکار شہید، گیارہ دہشت گرد ہلاک، ایک دہشت گرد زندہ گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل، چوکی پر مزید نفری طلب، ہائی الرٹ کردیا گیا

بدھ 17 ستمبر 2014 09:04

خیبر ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2014ء)خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر سکیورٹی فورسز کی بمباری میں20شدت پسند ہلاک اور ان کے 5ٹھکانے تباہ ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں نے وادی تیراہ کے علاقوں تور درہ اور دوہ توئی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس سے شدت پسندوں کے 5ٹھکانے تباہ اور 20 افراد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے،ادھرعلاقے میں جیٹ طیاروں کی پروازیں اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ ادھر پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عا مہ نے بھی کا روا ئی کی تصدیق کر تے ہو ئے کہا کہ اس میں دہشتگر دو ں کے زیر استعما ل دو اسلحہ ڈپو بھی تبا ہ ہو گئے ہیں واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کی طرح خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں بھی پاک فوج اور فضائیہ مشترکہ طور پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھرشمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں دہشت گردوں کا افغانستان سے پاکستانی چوکی پر حملے کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار شہید جبکہ گیارہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار کرلیا گیا۔ منگل کے روز آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں ڈانڈی کیچ چوکی پر افغانستان سے دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کا ایف سی اہلکاروں نے جواب دیتے ہوئے گیارہ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی میں تین ایف سی کے جوان بھی شہید ہوگئے۔ واقعہ کے بعد گرفتار دہشت گرد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا جبکہ چوکی پر مزید نفری طلب کرکے انہیں ہائی الرٹ کردیا گیا۔