مظفر گڑھ ، سیلابی ریلے حفاظتی فلڈ بند میں شگاف پڑ گیا ، پانی ملتان مظفر گڑھ‘ ڈیرہ غازی خان روڈ پر آگیا،انتظامیہ کے مٹی بستی دے والا کے نزدیک ڈالنے پر اہلیان علاقہ مشتعل،ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج ،جمشید دستی کے پہنچنے پر مظاہرین نے حملہ کردیا، دھکے اور گالیاں دی گئیں،پتھراؤ سے ڈی پی او بھی معمولی زخمی ، پولیس کا مظاہرین پر لاٹھی چارج

منگل 16 ستمبر 2014 09:25

مظفر گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16ستمبر۔2014ء) ٹھٹھہ سیالوی کے نزدیک حفاظتی فلڈ بند میں سیلابی ریلے کے دوران پڑنے والے شگاف کے بعد پانی جھنگ مظفر گڑھ روڈ کراس کرکے ملتان مظفر گڑھ‘ ڈیریاز غازی خان روڈ پر آگیا۔ اور خانپور نیا شیر ‘ دلے والا‘ مراد آباد سمیت نواحی آبادیاں ڈوب گئیں۔ پانی کا رخ مظفر گڑھ شہر کی سب سے بڑی گنجان آبادی بھٹہ پور کی طرف ہے جس کو روکنے کیلئے اور اپنی کا رخ موڑنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے مٹی بستی دے والا کے نزدیک ڈالنا شروع کردی جس پر اہلیان علاقہ مشتعل ہوئے اور انہوں نے مظفر گڑھ کی ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔

جس پر پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی۔ اطلاع ملنے پر ایم این اے جمشید احمد دستی‘ ڈی پی او مظفر گڑھ رائے ضمیر الحق بھی موقع پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

جمشید دستی کو دیکھ کر مظاہرین نے ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اور ان پر حملہ کردیا ان کو دھکے اور گلیاں دی گئیں۔ مظاہرین کا موقف تھا کہ یہ پانی جمشید دستی کی طرف سے ڈوآبہ بند نہ توڑنے دیئے جانے کی وجہ سے آیا کیونکہ دباؤ سے ٹھٹھہ سیالوی کا بند ٹوٹ گیا تھا جبکہ مظاہرین کا کہنا تھاکہ پانی شہر میں جاتا ہے تو جائے ان کے مکانا ور اراضی سیلاب برد نہ کی جائیں۔

جمشید دستی پر حملہ کے بعد ان کے ساتھی انہیں نکال کر لے گئے ان کی گاڑی کے شیشے توڑ دیئے گئے جبکہ پتھراؤ سے ڈی پی او بھی معمولی زخمی ہوئے جس پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا اور انہیں منتشر کردیا انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات شروع کردیئے ہیں بھٹہ پور تھکوٹ ‘ ریلوے آبادی کو خالی کرایا جارہا ہے۔