نوازشریف غریبوں کے ہمدرد نہیں وہ جعلی پارلیمنٹ کے وزیر اعظم ہیں ،عمران خان ،تحریک انصاف مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ ہے، متاثرین کی مکمل بحالی تک ہمارے کارکن اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حکومت کی طرف سے سیلاب کے بروقت انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں تباہی ہوئی ہے، چنیوٹ کے علاقہ میں متاثرین سیلاب سے خطاب

منگل 16 ستمبر 2014 09:24

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف غریبوں کے ہمدرد نہیں وہ جعلی پارلیمنٹ کے وزیر اعظم ہیں تحریک انصاف مشکل کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کے ساتھ ہے، سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک ہمارے کارکن اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے حکومت کی طرف سے سیلاب کے بروقت انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں تباہی ہوئی ہے جس کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوئے اور موجودہ حکومت ان بے سہارا افراد کے لئے کچھ نہیں کر سکی۔

بھوانہ کے علاقہ موضع ٹاہلی میگنی میں متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد میں دھرنا وزیراعظم کے استعفیٰ تک جاری رہے گا ہم اپنے مطالبات کے منظور ی تک ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے دھاندلی کی بنیاد پر قائم ہونے والی حکومت کو جانا ہو گا میاں برادران نے ملک میں اپنی بادشاہت قائم کی ہوئی ہے حکومت نے کروڑوں روپے لگا کر اپنی شوگر ملز کو بچانے کیلئے غریبوں کے گھر اجاڑ کر نیا پل بنایا ہے انہوں نے اپنے خطاب کے دوران سیلاب متاثرین میں ایک ہزار فوڈ پیکٹ تقسیم کرنے اعلان بھی کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت ملک میں 18کروڑ عوام کی جنگ لڑ رہی ہے موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ملک میں لا اینڈ آرڈر کی صورت حال بدتر ہے تحریک انصاف حکومت کے مکمل خاتمے تک اپنا احتجاج جاری رکھے گی اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عمر ڈار تحریک انصاف چنیوٹ کے ضلعی صدر میاں شوکت علی تھہیم ایڈووکیٹ و دیگر ضلعی رہنما حسن علی قاضی، سید عنایت علی شاہ ، سید محمد افضل شاہ ، حاجی ملک یسین ،اور دیگر کارکن بھی ہمراہ تھے ۔