حالیہ سیلاب سے 24لاکھ افراد متاثر ہوئے،اسحق ڈار،سیلاب نے پنجاب میں 23، آزاد جموں و کشمیر میں 10 اور گلگت بلتستان میں 5 اضلاع کو متاثر کیا،وفاقی وزیر خزانہ کی اجلاس میں بریفنگ

منگل 16 ستمبر 2014 09:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16ستمبر۔2014ء)حالیہ تباہ کن سیلاب سے24 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 44ہزار597 مکانات کو نقصان پہنچاہے۔یہ معلومات وزیر خزانہ اسحق ڈار کی صدارت میں پیر کو اسلام آباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں دی گئیں۔جس میں حالیہ سیلاب سے ہونیوالے نقصان اور تباہی کا جائزہ لیا گیا۔سرکاری ریڈیو کے مطابق سیکرٹری کابینہ نے اجلاس کو بتایا کہ سیلابی پانی سے پندرہ لاکھ چوالیس ہزار ایکڑ زرعی اراضی رقبے پر کھڑی فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

سیلاب نے پنجاب میں 23، آزاد جموں و کشمیر میں 10 اور گلگت بلتستان میں 5 اضلاع کو متاثر کیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ امدادی کارروائیوں میں19ہیلی کاپٹر اور 564 کشتیاں حصہ لے رہی ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے اور پنجاب کے ادارے اور پاک فوج نے پنجاب ،آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین میں خیمے، کمبل، پلاسٹک کی چٹائیاں،کھانے پینے کی اشیاء کے تھیلے،پانی صاف کرنے کی گولیاں اور فلٹریشن پلانٹس تقسیم کئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی انتظامیہ کو امدادی کارروائیوں کے لئے پہلے ہی دو ارب روپے دئیے جا چکے ہیں۔وزیر خزانہ نے اجلاس کے شرکاء کو مختلف شعبوں کے نقصانات پر مبنی ابتدائی جائزہ رپورٹ دو ہفتے کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ جائزہ کیلئے منتخب کئے گئے اضلاع میں حافظ آباد، چنیوٹ ،جھنگ ،ملتان اور منڈی بہاؤ الدین شامل ہیں جو سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔وزیر خزانہ کو قدرتی آفات سے نمٹنے والے قومی ادارے کے عہدیداروں نے بتایا کہ سیلاب کے بعد لوگوں کی بنیادی اور بحالی کی ضروریات کے بارے میں تخمینہ رپورٹ دو ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :