طاہر القادری کا کرنسی نوٹوں پر ”گو نواز گو“ کی مہم ختم ، سوشل میڈیا اور ایس ایم ایس کے ذریعے چلانے کا اعلان ، ہمیشہ قانون کا احترام کیا دیکھتے ہیں اب قانون بھی وزیراعظم سمیت دیگر لوگوں کیخلاف ایکشن لیتا ہے یا نہیں، انقلاب کے خوف سے حکمران لڑکھڑا رہے ہیں، خود مقابلہ نہیں کرسکے کرپٹ نظام بچانے کیلئے ساری برادری کو اکٹھا کرلیا، کرپشن کا نام جمہوریت و پارلیمان رکھ لیاگیا، اپنی شوگرملز بچانے کی خاطر لاکھوں غریبوں کی بستیاں اجاڑ دی گئیں، ریڈ زون میں بزرگوں، بوڑھوں اور بچوں پر اصلی گولیاں چلا کر ظلم و بربریت کی نئی داستان رقم کی گئی ، انقلاب مقدر بن چکا،چند دنوں کی بات ہے، غریبوں کے حقوق لے کر اسلام آباد سے جائینگے۔، قوم جمہوریت کے ثمرات سے محروم ہے، انقلاب کے بعد کرپشن کرنے والوں کے ہاتھ توڑے جائیں گے،انقلابی دھرنے کے شرکاء سے خطاب

منگل 16 ستمبر 2014 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16ستمبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کرنسی نوٹوں پر ”گو نواز گو“ کی مہم ختم کرتے ہوئے سوشل میڈیا اور ایس ایم ایسز کے ذریعے پر چلانے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں کہ ہمیشہ قانون کا احترام کیا دیکھتے ہیں اب قانون بھی وزیراعظم سمیت دیگر لوگوں کیخلاف ایکشن لیتا ہے یا نہیں، انقلاب کے خوف سے حکمران لڑکھڑا رہے ہیں، خود مقابلہ نہیں کرسکے کرپٹ نظام بچانے کیلئے ساری برادری کو اکٹھا کرلیا، کرپشن کا نام جمہوریت و پارلیمان رکھ لیاگیا، اپنی شوگرملز بچانے کی خاطر لاکھوں غریبوں کی بستیاں اجاڑ دی گئیں، ریڈ زون میں بزرگوں، بوڑھوں اور بچوں پر اصلی گولیاں چلا کر ظلم و بربریت کی نئی داستان رقم کی گئی ، انقلاب مقدر بن چکا،چند دنوں کی بات ہے، غریبوں کے حقوق لے کر اسلام آباد سے جائینگے۔

(جاری ہے)

، قوم جمہوریت کے ثمرات سے محروم ہے، انقلاب کے بعد کرپشن کرنے والوں کے ہاتھ توڑے جائیں گے۔پیر کے روز اسلام آباد میں انقلابی دھرنے کے شرکاء سے یوم جمہوریت کے موقع پرخصوصی خطاب میں طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا وجود انتخابات سے پہلے کا ہے، جمہوریت صرف انتخابات نہیں اور بہت کچھ ہے، جمہوریت کا مقصد غریب اور امیر میں فرق ختم کرنا ہے، جمہوریت کا نام جعلی ووٹ لے اسمبلی میں پہنچنا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی بنیاد عدل وانصاف پر مبنی ہوتی ہے،جمہویت کا نام اقتدار کا نچلی سطح تک پہنچنا ہے،حقیقی جمہوریت کے لئے نظام کو بدلنا ہو گا، ناانصافی کو ختم کرنا ہو گا،معاشرے میں انسانی حقوق کی فراہمی جمہوریت ہیطاہرالقادری نے کہا کہ انقلاب کے بعد ہر بے گھر کو گھر دیں گے،عوام کو ان کے تمام بنیادی حقوق گھر کی دہلیز پر مہیا کئے جائیں گے، بے روز گاروں کو پیسے دیئے جائیں گے، ضرورت مندوں 25 سال کی آسان قسط پر قرض دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انقلاب کے بعد کرپشن کرنے والوں کے ہاتھ توڑے جائیں گے، میٹرک تک ہر جگہ تعلیم مفت کی جائے گی، معاشرے میں حقوق کی مساوی تقسیم کی جائے گی، تحریک طالبان کا جنگ بندی کا اعلان خوش ا?ئند ہے، انقلابی پالیسی سے دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے۔قبل ازیں پیرکی سہ پہر انقلاب دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 31 اگست کو پولیس کی شیلنگ کیخلاف وزیراعظم میاں نوازشریف، وزیراعلیٰ شہبازشریف ، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سمیت دیگر کے خلاف عدالت کی جانب سے مقدمہ کے اندراج کاحکم آنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا لیکن اب دیکھتے ہیں قانون بھی حرکت میں آتاہے یا نہیں اور کس حد تک عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جاتاہے۔

اس موقع پر انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے مظاہرین پر ربڑ کی گولیوں کی بجائے اصلی گولیاں چلائی گئیں جس سے لوگوں کے سر، ٹانگیں اور جسم کے دوسرے حصے شدید متاثر ہوئے جبکہ جیلوں میں بھی مظاہرین کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیاگیا اس موقع پر سٹیج پر انہوں نے سیالکوٹ کے بزرگ زخمی محمد صادق، میانوالی کے حیدر اویس، لاہور کے علی رضا ، نوشہرہ کے اسرار خان، انیس ابرار کوٹ امیر، اظہار بہاؤلپور ، احسان احمد، حیدرسمیت چند زخمیوں کو بلایا اور انہوں نے اپنے زخم باری باری میڈیا کو دکھائے۔

طاہر القادری نے کہاکہ پولیس نے بزرگوں ، بچوں اور خواتین سمیت کسی کی جان بخشی نہیں کی جیلوں میں غیر انسانی سلوک کیا گیا کیا یہی جمہوریت ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے کرنسی نوٹوں پر گو نواز گو کی مہم کو ختم کرتے ہوئے کہاکہ اب سوشل میڈیا اور موبائل ایس ایم ایس پر یہ مہم چلائی جائے اور اس کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ عدالت نے وزیراعظم سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ کے اندراج کا حکم دیدیا ہے دیکھتے ہیں کہ اب قانون کی بات کرنیوالے حرکت میں آتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ سیلاب کے پانی کو وزیراعظم نوازشریف نے اپنی شوگرملیں بچانے کیلئے غریبوں کی بستیوں کو اجاڑ دیا جھنگ اٹھارہ ہزا ری کے قریب نوازشریف کی 2شوگرملز ہیں جنہیں بچانے کیلئے بند توڑ دیاگیا اسی علاقے میں مسلم لیگ ن کے ایک رکن قومی اسمبلی کی چار شوگرملزہیں انہیں بھی تحفظ دینے کی خاطر لاکھوں غریبوں کے گھروں کو سیلاب کی پانی کی نذر کردیاگیا کیا یہی جمہوریت ہے کہ اپنا مال بچالیا جائے اور غریبوں کی قربانی دیدی جائے۔

انہوں نے اس موقع پر انقلاب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بتاتا ہوں کہ حکمرانوں کو انقلاب سے کیوں خوف آتاہے، انقلاب جمہوریت، آئین ، قانون اور پارلیمانیت کے خلاف نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف ہے اور جس چیز کا نا م حکمرانوں نے جمہوریت، آئین، قانون اور پارلیمانیت رکھا ہوا ہے وہ کرپشن ہے لیپ ٹاپ سکیم میں شریف برادران نے 2ارب روپے کی کرپشن کی،یلیو کیب سکیم اور یوتھ لون سکیم میں بھی ارب ہا روپوں کی کرپشن کی کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ حکمران اب اس قدر خوفزدہ ہوگئے اور ان کے قدم لڑکھڑا رہے ہیں کہ اپنی مدد کی خاطر دیگر برادری کو بلالیاہے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اپنی حکومت بچانے کیلئے بلایاگیا لیکن اب انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا یہ جمہوریت، آئین کو بچانے کی خاطر نہیں بلکہ کرپشن اور کرپٹ نظام بچانے کی خاطر اکٹھے ہوئے ہیں اس ملک میں کسی آڈیٹر جنرل کی جرات نہیں کہ وہ شریف برادران کا احتساب کرسکے۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ہم غریب کے حق کی خاطر اسلام آباد آئے ہیں عوام مایوس نہ ہوں اب آسمانی مدد آئیگی اور وہ دن دور نہیں کہ جب انقلاب کا سورج اس ملک پر طلوع ہوگا ۔