شمالی وزیرستان ،دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز کے قلعہ پر را کٹ حملہ‘3 اہلکار شہید‘2 زخمی،دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قلعہ پر 20راکٹ فائر کئے جو ابی کا روا ئی پر حملہ آ ور فرار ، وزیراعظم کی جا نب سے حملے کی مذمت ، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیں گے ‘ نوا ز شریف

پیر 15 ستمبر 2014 09:33

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2014ء) شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز کے قلعہ پر بیس راکٹ حملوں کے نتیجے میں تین سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرا ئع کے مطا بق اتوار کے روز جنوبی وزیرستان کی تحصیل سپین وام میں مسلح دہشت گردوں نے ایف سی اور سکیورٹی فورسز کے قلعہ پر راکٹوں سے حملہ کردیا اور قلعہ پر بیس راکٹ فائر کئے جس کے نتیجے میں تین سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے آرمی میڈیکل کیمپ میں ابتدائی طبی امداد کیلئے منتقل کردیا گیا۔

دہشت گردوں کے حملے میں سکیورٹی فورسز نے جب کارروائی کی تو دہشت گرد فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے بھی سپین وام میں سکیورٹی فورسز کے قلعے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہلکاروں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی کیونکہ وہ اس وقت ایک مقدس فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اور ملک کو دہشت گردوں سے پاک کررہے ہیں۔