عمران کے گلا پھاڑ کر نعرے لگانے سے وزیراعظم نہیں جائیں گے، پرویز رشید،عمران خان مشرف کی نرسری میں پلے، عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے عمران کے مرشد نے کیا تھا،وفاقی وزیر اطلاعات کا ردعمل ، عمران خان پشاور میں وزیر اعلی ہاوٴس کو عوام کے استعمال کیلئے کیوں نہیں کھولتے؟،سعدرفیق

اتوار 14 ستمبر 2014 09:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے اپنی صفوں میں ٹیکس نہ دینے والوں کو پہچانیں پھر دوسروں پر تنقید کریں، ان کے گلا پھاڑ کر نعرے لگانے سے نواز شریف نہیں جائیں گے۔ نوازشریف انتخاب سے وزیراعظم بنے، نیا وزیراعظم بھی الیکشن سے آئے گا۔ ہفتہ کے روز آزادی دھرنے کے شرکاء سیعمران خان کے خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بہادر لیڈر خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا کر دھرنے نہیں دیتے۔

عمران خان پرویز مشرف کی نرسری میں پلے، وہ ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جہاں پارلیمنٹ پرحملہ اورپی ٹی وی پرقبضہ ہو، وہ اپنے دائیں بائیں دیکھ لیتے تو انھیں مسائل کی سمجھ آجاتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخوا میں ارباب شہزادکے ا لزامات کاتوجواب دیدیں، اس صوبے کاکیابنے گاجس کا وزیراعلیٰ ایک ماہ سے کنٹینر پر بیٹھا ہو، عمران اپنی صفوں میں ٹیکس نہ دینے والوں کوپہچانیں پھردوسروں پرتنقیدکریں، ان کا نظریہ ایک ہی ہے مشکل وقت میں اپنوں کوچھوڑ دینا، یہ کیسے بہادرلیڈرہیں جوعورتوں اوربچوں کوڈھال بناکردھرنے کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں لیکن سٹیٹس کو کی علامت والے ارب پتی سیاست دان ان کے ساتھ کھڑے ہیں، تین سو کنال کے محل میں رہنے والے کس منہ سے دوسروں کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ پہلے وہ پشاور میں وزیر اعلی ہاوٴس کو عوام کے استعمال کیلئے کیوں نہیں کھولتے جس لیڈر نے سیلاب میں قوم کو بھلا دیا۔ قوم اسے بھلا دے گی عمران ملک میں نفرت، انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔