وزیراعلیٰ پنجاب کا نارووال ،شکرگڑھ ،بجوات،مظفرگڑھ اورخانیوال کے سیلاب زدہ علاقوں کا دس گھنٹے تک دورہ،امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا،پنجاب میں سب سے بڑا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری،3لاکھ افراد کا انخلاء کیا گیا ہے ،پنجاب حکومت سیلاب متاثرین میں 1لاکھ 20ہزارفوڈ ہیمپرز تقسیم کرچکی ہے،آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی خدمت عبادت سمجھ کر کی جائے ،خیمہ بستیوں میں تازہ روٹیوں کی فراہمی کیلئے میکینکل تندور لگائے جائیں،سیالکوٹ سے مظفرگڑھ تک پنجاب پانی میں ڈوبا ہوا ہے،اسلام آباد میں دھرنادینے والے جشن منانے میں مصروف ہیں،دھرنا دینے والوں کو سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آنا چاہیے،ورنہ قوم ان کی نسلوں کو بھی معاف نہیں کرے گی:شہبازشریف، تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے ،املاک اورانفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے، مکمل ازالے کیلئے تمام وسائل بروئے کا ر لائیں گے،وزیراعلیٰ کا سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین سے خطاب

اتوار 14 ستمبر 2014 09:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے زیر انتظام صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کامیابی سے جاری ہے اوراب تک اس آپریشن کے ذریعے3لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ سیلاب متاثرین میں 1لاکھ 20ہزارفوڈ ہیمپرزاور2لاکھ50ہزارمنرل واٹرکی بوتلیں فراہم کی جا چکی ہیں۔

متاثرین کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اینڈمیڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں ۔ہم متاثرین کی مدد اور بحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اورآخری متاثرہ فرد کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے آج نارووال،شکرگڑھ ، سیالکوٹ کے علاقے بجوات،خانیوال ، مظفرگڑھ اوردیگر سیلاب زدہ علاقوں کا10گھنٹے تک دور کیا۔ امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیااور متاثرین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کئے ۔ انہوں نے ضلع نارووال کی تحصیل شکرگڑھ میں نور کوٹ ،چکرا اور نواحی دیہات کا دورہ اور نالہ بھئی کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی سے قبل متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی پہلی قسط جاری کر دی جائے گی۔

میں نے اپنی عملی زندگی میں ایسی تباہی نہیں دیکھی۔ پنجاب حکومت نے فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے سروے کا کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی آبادی کاری تک چین سے نہیں بیٹھوں گا اور نارووال دوبارہ آ کر پھر صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ سڑکوں کی فی الفور تعمیر و مرمت کے کام کا آغاز کیا جائے تاکہ عوام کو آمد و رفت کی سہولت بحال ہو سکے جبکہ صاف پانی کی فراہمی کیلئے بھی کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نارووال میں سیلاب اور بارشوں کے باعث 16 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 15 افراد کے لواحقین کو پنجاب حکومت کی جانب سے مالی امداد کے چیک دیئے جا چکے ہیں۔ ضلع کے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں۔ متاثرین میں 13 ہزار سے زائد فوڈ ہیمپرز تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ 29 ہزار جانوروں کی ویکسی نیشن کی گئی ہے اور مویشیوں کیلئے 10 ہزار کلو سے زائد ونڈا فراہم کیا گیا ہے۔

شکر گڑھ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سوادیگرسیاسی جماعتوں کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سیلاب زدگان کی مدد کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس کی قیادت اور اراکین اسمبلی اسلام آبا میں جشن منا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کا جشن منانے کا فیصلہ مصیبت زدہ عوام کے زخموں پرنمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

وزیراعلیٰ نے سیالکوٹ کے سیلاب متاثرہ علاقے بجوا ت اور ملحقہ دیہات کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیاں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جہاں کشتیوں کی ضرورت نہیں وہاں سے کشتیوں کو دیگر اضلاع میں بھجوایا جائے اور متاثرہ آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کشتیوں کی تعدادبڑھائی جائے -اگر کہیں سے کشتیوں کی کمی کی شکایت ملی تو سخت نوٹس لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کو روٹیوں کی فراہمی کیلئے متاثرہ دیہات میں تندور لگائے جائیں اور روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی خدمت عبادت سمجھ کر کی جائے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بجوات کے نواحی گاؤں کھوجے چک میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور نقصان کے ازالہ تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

اسلام آباد میں دھرنا دینے والے نہ جانے کس بات کاجشن منا رہے ہیں۔ سیالکوٹ سے مظفرگڑھ تک پنجاب پانی میں ڈوبا ہوا ہے، لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں اور دھرنا دینے والے عناصر جشن منانے میں مصروف ہیں۔ دھرنا دینے والوں کو سیلاب متاثرہ کی مدد اور دلجوئی کیلئے آگے آنا چاہیئے۔ قوم نہ صرف دھرنا دینے والوں کو بلکہ ان کی نسلو ں کو بھی معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب بدترین سیلابوں میں سے ایک ہے۔ املاک اور انفراسٹرکچر کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ بجوات میں ہونے والے نقصان کا مکمل ازالہ کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔وزیراعلیٰ نے دریائے توی میں طغیانی کے باعث ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ کے علاقے ہیڈ محمد والا میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم خیمہ بستی کا آج پھر دورہ کیا۔

خیمہ بستی میں وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے پہلا میکینکل تندور نصب کردیا ہے جس سے انتہائی کم وقت میں زیادہ روٹیاں تیارہوتی ہیں۔میکینکل تندور کے ذریعے روٹیاں ملنے پر خیمہ بستی میں موجود مرد اور خواتین نے انتہائی خوشی کا اظہار کیااوران کے چہرے مسرت سے تمتما رہے تھے۔متاثرین نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو دعا ئیں دیتے ہوئے کہا کہ ”تینوں رب دیاں رکھاں“ وزیراعلیٰ نے خیمہ بستی میں متاثرین کے ساتھ بیٹھ کر روٹی کھائی اور تعریف کی۔

خیمہ بستی میں میکینکل تندور کی تنصیب اورمتاثرین کو تازہ روٹیوں کی فراہمی اوردیگر انتظامات میں بہتری پر وزیراعلیٰ نے سخت الفاظ میں انتظامیہ سے استفسار کیا جو کام آج ہوا ہے وہ پہلے کیوں نہیں ہوسکتا تھا؟ کیا غریبوں کوروٹی پہنچانے کیلئے میرا ہر جگہ پہنچنا ضروی ہے؟میں مصیبت زدہ بہن بھائیوں کیلئے مارا مارا پھر رہا ہوں اور ہر جگہ پہنچنے کی کوشش کررہا ہوں لیکن میں کہاں کہاں تک پہنچ سکتا ہوں؟۔

انہوں نے ہدایت کی کہ خیمہ بستی میں متاثرین کو سالن اورروٹی کی فراہمی اسی طرح جاری رہنی چاہیے اوردیگر امدادی کیمپس میں بھی اسی طرح کے میکینکل تندور لگائے جائیں اور جہاں ممکن نہیں وہاں پر عام تندور لگائیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خانیوال کی خیمہ بستی فاضل شاہ میں متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انتظامیہ نے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے میاں چنوں اورکبیر والا کے امدادی کیمپوں میں میکینکل تندور لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کیمپوں میں تین وقت کا کھانا ہر صورت فراہم کیا جائے ۔

کیمپوں میں ادویات کی وافر دستیابی یقینی ہونی چاہیے۔نقصانات کا پورا معاوضہ دیا جائے گا۔پنجاب پانی میں ڈوبا ہوا اوراسلام آباد میں دھرنا افسوسناک ہے۔دھرنا دینے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔