وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے فلڈ ریلیف کا اجلاس،جن علاقوں سے سیلابی پانی اتر جائے وہاں نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے فوری طو رپر سروے شروع کیا جائے ، شہبازشریف کی ہدایت ،متاثرین کو 3وقت کا پکا پکایا کھانا ہر صورت میں فراہم کیا جائے ، متاثرہ دیہات میں میکنیکل تندور لگانے کا انتظام کیا جائے ، وزیراعلیٰ

ہفتہ 13 ستمبر 2014 09:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت جمعہ کویہاں کابینہ کمیٹی برائے فلڈ ریلیف کا اجلاس منعقد ہوا - اڑھائی گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں متاثرہ اضلاع میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جن علاقوں سے پانی اتر جائے وہاں نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے فوری طو رپر سروے شروع کیاجائے-ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرین تک زیادہ سے زیادہ فوڈ ہیمپرز پہنچائے جائیں -مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لئے بڑی تعداد میں کمبل اور رضائیاں خریدی جائیں -متاثرین کو 3وقت کا پکا پکایا کھانا ہر صورت فراہم کیا جائے -متاثرہ دیہات میں میکنیکل تندور لگانے کا انتظام کیا جائے -انہوں نے کہاکہ کھانے کی فراہمی میں کوتاہی قطعاً برادشت نہیں کروں گا -اضلاع کو فراہم کئے جانے والے فنڈ کی ایک ایک پائی متاثرین کی مدد پر صرف کرنے کو یقینی بنایا جائے -انہوں نے کہاکہ فراہم کئے جانے والے وسائل کا آڈٹ کرایا جائے گا-وزیراعلیٰ نے سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ 3اضلاع میں خود جا کر مردہ مویشیوں کو مناسب طریقے سے تلف کرانے کے کام کی نگرانی کریں - انہوں نے کہاکہ جن دیہات سے پانی نکل گیاہے وہاں لوگوں کے لئے ٹینٹ لگانے کا انتظام کیاجائے- اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹرکی آج 7پروازوں کے ذریعے متاثرین میں 13ہزار کلو خوراک تقسیم کی گئی ۔