سارک گالف ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے سری نگر جا نے والی 28رکنی پاکستانی گولف ٹیم سیلا ب میں پھنس گئی، سیلاب میں پھنسی پاکستانی گالف ٹیم اورنیپال کے سفیر کو بچایا لیا ہے ، پاکستانی کھلا ڑ یو ں کو امدادی کشتیوں میں بادامی باغ کنٹونمنٹ میں پہنچایا جہاں سے انہیں لاہور بھیجنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں،بھارتی فوج

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:58

نئی دہلی ،سر ینگر (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء)سارک گالف ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے سری نگر آنے والی 28رکنی پاکستانی گولف ٹیم کا گروپ سیلاب میں گھر گیا جسے بھارتی فوج نے بچا لیا۔ بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے سری نگر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 28 رکنی پاکستانی گالف ٹیم اورنیپال کے سفیر کو بچایا ہے۔ بھارتی اخبار”انڈیا ٹوڈے“ کے مطابق پاکستانی ٹیم سارک گالف ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے سری نگر میں موجود تھی جب کہ 17 رکنی نیپالی ٹیم سرکاری کام پر مامور تھیں۔

بھارتی اخبار”انڈین ایکسپریس“ کے مطابق سری نگر میں فوج کی ایک امدادی کشتی کو مدد کے لئے خواتین کے ایک گروپ نے کال کی جو پاکستانی شہری تھیں۔جب ان میں سے تین کشتی میں سوار ہوئیں تو بھارتی فوج کو بتایا گیا کہ ہم 28رکنی گروپ پاکستانی ہیں جن میں مرد ،خواتین اور ایک دس سالہ بچہ اقصہ جمشید بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

وہ تمام سری نگر کے مختلف مقامات میں سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ان کا گروپ سری نگر میں سارک گالف ٹورنا منٹ میں شرکت کے لئے آیا تھا،اب اس ٹورنامنٹ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ فوج نے ان کو امدادی کشتیوں میں بادامی باغ کنٹونمنٹ میں پہنچایا جہاں انہیں لاہور بھیجنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔لاہور چھاونی سے نثار کالونی کی رہائشی57 سالہ فائزہ ملک گذشتہ ہفتے سری نگر پہنچی تھیں جہاں ہوٹل کی پہلی منزل پر ان کا قیام تھا وہاں پانی آگیا،پھر وہ دوسری منزل پر گئے لیکن کھڑکیوں سے پانی رات بھر آتا رہا۔

انہیں خوراک،بجلی،موبائل اور حفظان صحت کی دیگر کوئی سہولت میسر نہیں ہوئیں،28رکنی یہ گروپ تین بیجوں میں تقسیم ہو گیا اور دو راتیں اور اتوار کا روز اسی طرح بے بسی میں گزارا، ان میں سے ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ امید ختم ہو رہی تھی لیکن بروقت امداد پر انہوں نے بھارتی فوج کا شکریہ ادا کیا۔بھارتی فوج نے ان تمام پاکستانی شہریوں کے پتے اور پاسپورٹ نمبر درج کیے۔سری نگر کے کور15کے کرنل پانڈے کا کہنا ہے کہ انہیں نہرو ہیلی پیڈ سے ائیرپورٹ لے جایا جائے گا جہاں انہیں دہلی یا پاکستان بھیجا جائے گا۔