ممتازعلی بھٹو نے تحریک انصاف کی ملاقات کی دعوت قبول کر لی،شاہ محمود وفد کے ہمراہ 13ستمبر کو ملاقات کریں گے، ممتاز بھٹو کی تحریک انصاف میں شمولیت کا قوی امکان،تحریک انصاف قوم پرست جماعتوں کے ساتھ مل کر گرینڈ الائنس کے ذریعے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مستعد

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی ملاقات کی دعوت سندھ نیشنل فرنٹ کی قیادت نے قبول کر لی جو مسلم لیگ ن کی قیادت سے سخت ناراض ہے،تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ عمران خان کا خصوصی پیغام لیکر 13ستمبر کو سردار ممتاز علی بھٹو سے ملاقات کے لئے لاڑکانہ پہنچیں گے۔دوسری جانب تحریک انصاف نے سردار ممتاز علی بھٹو کو پارٹی کو اتحاد میں شامل کر کے سندھ بھر کی قوم پرست جماعتوں کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے خلاف گرینڈ الائنس کے لئے بھی کوششیں تیز کر دیں۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ نے عمران خان کی طرف سے ملاقات کی دعوت قبول کر لی ہے اور اس حوالے سے انہوں نے سردار ممتاز علی بھٹو کو فون کر کے دھرنوں کے باعث ذاتی طور پر لاڑکانہ آنے سے معذرت کی ہے تاہم اپنی جگہ پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ان سے ملاقات کے لئے کراچی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی ذائع کے مطابق شاہ محمود قریشی عمران خان کا خصوصی پیغام لیکر 13ستمبر کو وفد کے ہمراہ سردار ممتاز علی بھٹو سے لاڑکانہ میں ملاقات کریں گے جہاں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی، نعیم الحق ، اسد عمر و دیگر راہنما بھی ان کے ہمراہ وفد میں شامل ہونگے ۔

پارٹی ذائع کے مطابق سردار ممتاز علی بھٹو کی تحریک انصاف میں شمولیت کا قوی امکان ہے اور اس وقت سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ کے ساتھ سندھ کی قوم پرست جماعتوں کے علاوہ پنجاب اور سندھ میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ناراض راہنما بھی رابطے میں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سردار ممتاز علی بھٹو کے ذریعے تحریک انصاف دونوں بڑی جماعتوں نے ناراض اراکین اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں کے ذریعے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے خلاف گرینڈ الائنس بنا کر انہیں سندھ میں ٹف ٹائم دے گی ۔