ڈاکیارڈ پر حملہ آپریشن ضرب عضب کا ردعمل ہو سکتا ہے،خواجہ آصف،7دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے پاک بحریہ نے بہادری سے ناکام بنایا، واقعے میں پاکستان نیوی کے ایک افسر نے شہادت پائی،ڈاکیارڈ پر حملے میں 3دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے4خود کش جیکٹیں، 3 اے کے 47 اور 9 پستول ، سیٹلائٹ فون اور مذہبی لٹریچر برآ مد ہوا، حملے میں اندر سے کسی کے شامل ہونے کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتادہشت گردوں میں سے ایک کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے، ان میں ایک نیوی کا افسر بھی شامل ہے جسے 2013میں نکال دیاگیا تھا،حملے آپریشن ضرب عضب کا ردعمل ہو سکتے ہیں، وزیردفاع خواجہ آصف کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 11 ستمبر 2014 08:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2014ء)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈاکیارڈ پر 7دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے پاک بحریہ نے بہادری سے ناکام بنایا، واقعے میں پاکستان نیوی کے ایک افسر نے شہادت پائی۔ بحریہ کے ڈاکیارڈ پردہشت گرد حملے کی 6 ستمبر کو کوشش کی گئی،ڈاکیارڈ پر حملے میں 3دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے4خود کش جیکٹیں، 3 اے کے 47 اور 9 پستول ، سیٹلائٹ فون اور مذہبی لٹریچر برآ مد ہوا۔

حملے میں اندر سے کسی کے شامل ہونے کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جاسکتا، بغیر اندورنی مدد کے یہ کارروائی مشکل تھی،حملہ آوروں کا تعلق مختلف شہروں سے ہے، دہشت گردوں میں سے ایک کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے، ان میں ایک نیوی کا افسر بھی شامل ہے جسے 2013میں نکال دیاگیا تھا،یہ حملے آپریشن ضرب عضب کا ردعمل ہو سکتے ہیں،حملے میں نیوی کی تنصیبات کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ حملہ آور کسی ایک جگہ پر نہیں بلکہ پورے ملک میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سمنگلی میں مشتبہ حرکات دیکھنے کے بعد کارروائی کی گئی، مشتبہ افراد کی دہشت گرد کارروائی روک دی گئی،جس کے بعد دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا،اس کارروائی میں 4دہشت گرد مارے گئے،3نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا، راکٹ حملے سے حفاظتی دیوار میں سوراخ ہوا، 2دہشت گرد حفاظتی دیوار میں سوراخ کرکے اندار داخل ہوئے،ان 2 دہشت گردوں کو بھی سیکورٹی اہلکاروں نے ہلاک کردیا،سمنگلی ایئر بیس پرکارروائی میں 10 سیکورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے تاہم ایئربیس کو کوئی نقصان نہیں ہوا،حملہ آوروں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا،دہشت گردوں کے قبضے سے مذہبی کتابیں بھی برآمد ہوئیں،اندرونی مدد کے بغیر یہاں بھی دہشت گرد داخل نہیں ہوسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نیوی نے اس حملے کو بہادری سے ناکام بنایا ہے اور سمنگلی کوسٹر بی اے ایف بیس پر حملہ کرنے کاپروگرام تھا جس کو ناکام بنایا ۔انہوں نے کہا کہ اس حملے میں افراد زخمی ہوئے۔آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور فوج جانوں کی قربانی دیکر ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں اورکچھ لوگ پارلیمنٹ کے باہر انا کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔میڈیا ان قوتوں کا ساتھ دے جو وطن عزیز کی خاطر جانوں کانذرانہ دے رہے ہیں ۔ کرائے کے لوگوں پر توجہ نہ دیں ۔وزیر مملکت برائے مذہبی امور امین الحسنات نے شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت کرائی۔