وزیر خزانہ نے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کے لئے مزید1.59ارب روپے جاری کرنیکی منظوری دیدی، رقم سے متاثرین کی ماہ ستمبر کی ضروریات زندگی کو پورا کیا جائے گا،سینیٹر اسحاق ڈار

بدھ 10 ستمبر 2014 07:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شمالی وزیرستان میں دہشتگروں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے لئے مزید1.59ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، مذکورہ رقم سے متاثرین کی ماہ ستمبر کی ضروریات زندگی کو پورا کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت ابھی تک چار اقساط میں فاٹاڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو 2.8 ارب روپے جاری کر چکی ہے،فی الوقت 60 ہزار متاثرہ خاندانوں کو اپنی ضروریات پورا کرنے کے لئے فی خاندان 12 ہزار روپے ماہانہ فراہم کئے جا رہے ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخواہ کے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے وزارت تحفظ خوراک و تحقیق نے پاسکو اور عالمی خوراک پروگرام کو 25 ہزار میٹرک ٹن گندم جاری کر دی ہے، عملی اقدامات اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

منگل کے روز وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شمالی وزیرستان میں دہشتگروں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے لئے مزید1.59ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے نتیجہ میں متاثرہ افراد کی بحالی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم ان لوگوں کی جو کہ دہشتگردی کے خلاف حکومت کی جدوجہد میں مدد کر رہے ہیں کی زندگیوں کو دوبارہ معمول پر لانے کے حوالے سے پر عزم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت ابھی تک چار اقساط میں فاٹاڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو 2.8 ارب روپے جاری کر چکی ہے۔اسحاق ڈار نے مطلع کیا کہ عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے اخراجات کی ذمہ داری بنیادی طور پر دو بورڈ کے زمروں میں آتی ہیں جن کے تحت اولا ہر متاثرہ کاندان کی ماہانہ مالی امداد اور دوئم ان بے بھر متاثرین کے لئے مختلف نوعیت کی امدادی سرگرمیوں کے لئے مالی اور انتظامی اخراجات شامل ہیں جو کہ فاٹاڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اورصوبائی حکومت خیبر پختونخواہ کر رہیں ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ حکومت فاٹاڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو مالی امداد کی تقیسم میں نہایت محتاط رویہ اپنا ئے ہوئے ہے اور موجودہ رقم کے اجراء سے قبل مذکورہ اتھارٹی سے ماہ جون سے اگست کے اختتام تک ہونے والے تمام اخراجات کی تفصیل حاصل کی گئی ہے جبکہ فی الوقت 60 ہزار متاثرہ خاندانوں کو اپنی ضروریات پورا کرنے کے لئے فی خاندان 12 ہزار روپے ماہانہ فراہم کئے جا رہے ہیں۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ حکومت آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی امداد کے ضمن میں ان کو گندم کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی امدادی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخواہ کے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے وزارت تحفظ خوراک و تحقیق نے پاسکو اور عالمی خوراک پروگرام کو 25 ہزار میٹرک ٹن گندم جاری کر دی ہے۔

اپنی بات کی مزید وضاحت کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس سے حکومت کی ترجیحات کی عکاسی ہوتی ہے، ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور عملی اقدامات الفاظ اور دعووں سے بڑھ کر بولتے ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے لئے مزید1.59ارب روپے کے اجراء سے ان متاثرین کی ماہ ستمبر کے اختتام تک درپیش مختلف ضروریات زندگی کو پورا کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :