اس سنگین صورت حال اور آزمائش کی گھڑی میں متاثرین اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں حکومت پنجاب ان کی بھر پور مدد کر رہی ہے،شہباز شریف، متاثرہ خاندانوں کو واپس گھروں میں مکمل آباد کرکے دم لیں گے، متاثرین سیلاب سے خطاب

بدھ 10 ستمبر 2014 07:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کی اس سنگین صورت حال اور آزمائش کی گھڑی میں متاثرین اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں حکومت پنجاب ان کی بھر پور مدد کر رہی ہے ۔ سیلاب کی تباہ کاریوں اور متاثرین کی مشکلات کے ازالہ کے لئے حکومت پنجاب پوری طرح متحرک ہے اور متاثرہ خاندانوں کو واپس گھروں میں مکمل آباد کرکے دم لیں گے ۔

انہوں نے یہ بات تحصیل بھوانہ کے قریب موضع منگینی کے مقام پر متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس سے قبل انہوں نے کشتی کے ذریعے متاثرہ مواضعات کے اندر جا کر سیلابی پانی کی صورتحال اور ریسکیو اپریشن کا معائنہ کیا ، وزیر اعلی پنجاب نے صوبائی وزراء،ارکان اسمبلی اور صوبائی سیکرٹریز کو اپنے ساتھ آنے سے منع کر دیا انہوں نے تمام کو سیلابی علاقوں میں انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کر دی،وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ تاریخ کے بڑے سیلابی ریلے سے گھروں ‘ فصلوں اور مال مویشیوں کی بہت تباہی ہوئی ہے لیکن ہمیں الله تعالی کی مدد سے اس ساری صورتحال کا تحمل اور برداشت سے مقابلہ کرنا ہے ‘ متاثرین حوصلہ رکھیں ‘ حکومت پنجاب انکے تمام نقصانات کی تلافی کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف سنٹر پر متاثرین کو غذا ‘ ادویات و دیگر ضروری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور وہ تمام تر امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کررہے ہیں تاکہ مصیبت زدہ بھائیوں کو سہارا دیا جا سکے ۔

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی میں وفاقی اور صوبائی حکومت انکے ساتھ کھڑی ہے مگر وزیر اعلی کی آمد کے موقع پر متاثرین کے لئے انتظامیہ کی طرف سے نصب کیے گئے امدادی کیمپ وزیر اعلی کی واپسی کے بعد فوری اکھاڑ دیا گیا کیمپ میں متاثرین کے لئے کھانے پینے کی کوئی اشیاء موجود نہ تھیں کیمپ اکھاڑنے اور متاثرین کو بے یارو مدد گار چھوڑنے پر سیلاب زدگان مشتعل ہو گئے اور انہوں نے ڈی سی او چنیوٹ ڈاکٹر ارشاد احمد اور دیگر انتظامیہ کے افسروں کے خلاف نعرہ بازی کی اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ان کی آمد کے موقع پر انتظامیہ جو ڈرامے متاثرین سیلاب کے ساتھ کر رہی ہے ایسے انتظامیہ کے افسران کو فوری بر طرف کیا جائے اور متاثرین کی امداد کے لئے ایسا موٴثر منصوبہ بنایا جائے جس سے متاثرین کو خوراک کے علاوہ ان کو بر وقت مالی امداد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :