عمران خان اپنی سیاست کی خاطروفاق کوخطرے اورملک کوخانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں ، احسن اقبال ،عمران خان نے بلوچستان کے حوالے سے زہریلاپروپیگنڈہ کیا،پاک چین دوستی کوخراب کرنے کی کوشش کی،انہیں سیاست کرنے کے بجائے متاثرین کی مددکیلئے آگے آناچاہئے ،دھرنوں سے ملکی معیشت کوایک ہزارارب روپے کانقصان ہوچکاہے،پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 10 ستمبر 2014 07:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ عمران خان اپنی سیاست کی خاطروفاق کوخطرے میں اورملک کوخانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں ،دھرنوں سے ملکی معیشت کوایک ہزارارب روپے کانقصان ہوچکاہے ۔منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان نے بلوچستان کے حوالے سے زہریلاپروپیگنڈہ کیا،بلوچستان میں پہلی مرتبہ مڈل کلاس قیادت منتخب ہوئی ،بلوچستان میں عمران خان کی پارٹی کاکوئی وجودنہیں ،وہ باربارغلط بیانی کرکے قوم کوگمراہ کررہے ہیں ،یورپی مبصرین 2013ء کے انتخابات کوشفاف قراردے رہے ہیں ۔

عمران خان نے ہرشخص کی پگڑی اچھالنے کامذاق بنالیاہے ،وہ صبح دوپہر،شام کنٹینرسے جھوٹ بول کرعوام کوگمراہ کررہے ہیں ،اورنوجوانوں میں منفی سوچ پیداکررہے ہیں ،عوام ضرورپوچھے گی وہ یہ سب کچھ کس کے لئے اورکس کے کہنے پرکررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیاست کے اموربرداشت کے ذریعے چلتے ہیں ،اپنی آمدنی پرٹیکس اداکرتاہوں ،نیب میں میرے خلاف تحقیقات کے باوجودبدعنوانی ثابت نہیں ہوسکی ،قومی اسمبلی میں سفیدپوش لوگ اکثریت میں ہیں ،عمران خان کے مطابق تحریک انصاف کے اہم این اے فرشتے ہیں باقی سب چورہیں ۔

انہوں نے کہاکہ چین کے صدرپاکستان کی مددکیلئے آرہے تھے ،عمران خان نے غیرذمہ دارانہ بیان دیا۔انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی کوخراب کرنے کی کوشش کی ۔عمران خان کوسیلاب پرسیاست کرنے کے بجائے متاثرین کی مددکیلئے آگے آناچاہئے ،وہ مثبت ایجنڈے پرکام کریں ۔انہوں نے کہاکہ دھرنوں سے ملکی معیشت کوایک ہزارارب روپے کانقصان ہوچکاہے۔