تمام مسائل کا حل قانون کی بالادستی میں مضمر ہے ،صدر مملکت ،ملک کو بدترین سیلاب کا سامنا ہے اور ہمیں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہئیں، موجودہ سیاسی بحران جلد حل ہو جائے گا، تاجر برادری حکومت کی بہترین پالیسیوں سے زیادہ فائدہ اٹھا ئے ، تقریب سے خطاب

بدھ 10 ستمبر 2014 07:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک کے تمام مسائل کا حل قانون اور آئین کی بالادستی میں مضمر ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں پاکستان کے ایوان صنعت وتجارت کے فیڈریشن کی اچیومنٹ ایوارڈ کی دوسری تقریب سے خطاب کر تے ہوئے صدر نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران جلد حل ہو جائے گا۔ انہوں نے تمام جماعتوں پر زور دیا کہ وہ تصفیہ طلب مسائل کے حل اور اختلافات دور کرنے تک مذاکرات جاری رکھیں۔

آپریشن ضرب عضب کے بارے میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ مسلح افواج ملک کو انتہاپسندوں اور دہشت گردوں سے بچانے کے لئے لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ پوری قوم مسلح افواج کی حمایت کرے تاکہ ملک میں امن بحال ہو سکے۔

صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے معیشت میں بہتری آئی ہے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صورتحال میں کسی بھی کوتاہی سے معیشت اور دنیا میں ہمارے تشخص کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ سیلاب کی صورتحال کے بارے میں صدر نے کہا کہ ملک کو بدترین سیلاب کا سامنا ہے اور ہمیں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔صدر مملکت ممنون حسین نے تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ حکومت کی بہترین پالیسیوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں، موجودہ حکومت نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں تجارت و صنعت کو فروع دینے کے لئے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔