بہت جلدامید کی کرنیں پھوٹیں گی،غریبوں کی لوٹی ہوئی دولت حکمرانوں سے چھین لیں گے،طاہرالقادری ،انشااللہ قربانی کی عید ہر کوئی اپنے گھر جا کے کرے گا،ہمارے مطالبات آ ئینی اور قانونی ہیں اس لئے کسی میں جرات نہیں کہ ہمارے اٹھائے ہوئے کسی سوالوں کا جواب دے سکے،ان کو غلط کہہ سکے، شرکائے دھرنا سے خطاب

بدھ 10 ستمبر 2014 07:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بہت جلدامید کی کرنیں پھوٹیں گی،غریبوں کی لوٹی ہوئی دولت حکمرانوں سے چھین لیں گے،انشااللہ قربانی کی عید ہر کوئی اپنے گھر جا کے کرے گا،ہمارے مطالبات آ ئینی اور قانونی ہیں اس لئے کسی میں جرات نہیں کہ ہمارے اٹھائے ہوئے کسی سوالوں کا جواب دے سکے،ان کو غلط کہہ سکے،۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز شرکائے دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسیحی برادری اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی بھی دھرنے میں شریک تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ اساتذہ ہیں،یہ وہ ڈاکٹرز ہیں،یہ وہ سرکاری ملازم ہیں ،یہ وہ لوگ ہیں،جنہوں نے تمہیں اس قابل بنایا ہے کہ تم پارلیمنٹ میں بیٹھنے کے قابل ہوئے،مگر تم نے ان غریبوں کے مسئلے کو پارلیمنٹ میں ڈسکس کرنا بھی گوارا نہیں سمجھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹی سی فیملی کے گھر کا بجلی بل کم سے کم دس ہزار روپے ،علاج کے پانچ سو،تعلیم پانچ سو روپے اور مختلف مدات کے پیسے ملا کر یہ 25ہزار سے تیس ہزار روپے ماہانہ خرچہ بنتا ہے۔ جو ماہانہ خرچہ ایک چھوٹی فیملی کا ہے ،اور اس کی تنخواہ بارہ ہزار ہے۔پانچ افراد کی فیملی کا خرچ بارہ یا پندرہ ہزار میں پورا نہیں ہوتا ،بتاؤ وہ کہاں جائیں،چوریاں کریں ،ڈاکے ماریں ،تمہاری جمہوریت ان بھوک سے مرنے والوں کی بات کیوں نہیں کرتی ۔

یہ لوگ سیلاب کی بات کرتے ہیں،کہ دھرنے والے سیلاب کی مدد کیوں نہیں کرتے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ سیلاب زدہ علاقوں میں سرکاری خزانے سے دورے کررہے ہیں ،سیلاب زدگان کی مددرائے ونڈ کے خزانے سے کتنی کی ہے ،رائے ونڈ کو سرکاری گھر کیوں ڈکلیئر کیا ہوا ہے ۔ذاتی گھر کابجٹ بھی اسلام آباد سے جاتا ہے اور غریب کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہو سکتی۔

وزیراعظم بتائیں کہ انہوں نے اپنے خرچے پر کتنے دورے کئے۔کتنے غریبوں کی مدد کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک تمام مذاہب کی نمائندہ سیاسی جماعت ہے جو تمام مذاہب اور تمام مسالک کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔انقلاب مارچ والوآپ نے جتنے دن لگائے ہیں اس سے کم دن اور لگے گے انشااللہ فتح کے جھنڈے لہراتے ہوئے واپس جائیں گے۔انقلاب کی صبح طلوع ہوگی،اور افق پر انقلاب کاسورج اس طرح طلوع ہوگا اور فتح کا سور ابھرتانظرآئے گا۔اس کی کرنیں پھوٹیں گی۔اور آپ کے گھر روشن ہوں گے انشااللہ،اور غریبوں کی لوٹی ہوئی دولت آپ ان سے واپس چھینیں گے۔